حضرت ابو سلیط اُسَیرہ بن عمروؓ
اُسَیرۃ بن عمرو ان کا نام تھا اور کنیت ابو سلیط تھی اور ابوسلیط کے نام سے زیادہ مشہور ہیں۔ ان کے والد عمرو بھی ابو خارجہ کنیت سے معروف ہیں۔ بدر اور دیگر غزوات میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ ساتھ رہے۔(اصحاب بدر از قاضی محمد سلیمان منصور پوری صفحہ 131، مکتبہ اسلامیہ 2015ء)
آپ خزرج کی شاخ عدی بن نجار سے تعلق رکھتے تھے۔ ان کے والد ابو خارجہ عمرو بن قیس بھی صحابی تھے۔(صحابہ کرام کا انسائکلوپیڈیا از ڈاکٹر ذوالفقار کاظم صفحہ 508، ابن سلیط اسیرۃ بن عمرو ، بیت العلوم لاہور )
جنگ بدر میں شریک ہوئے۔ آپ کے بیٹے عبداللہ نے آپ سے روایت کی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے گدھوں کا گوشت کھانے سے منع فرما دیا تھا اور اس وقت دیگیں چڑھی ہوئی تھیں جن میں گدھے کا گوشت پک رہا تھا تو ہم لوگوں نے ان دیگوں کا الٹ دیا۔ (اسد الغابۃ جلد 5 صفحہ 156، ابو سلیط الانصاری، دار الفکر النشر و التوزیع بیروت 2003ء)