حضرت ابو سَبْرۃ بن ابی رُھمؓ

خطبہ جمعہ 12؍ اکتوبر 2018ء

حضرت ابو سَبْرۃ بن ابی رُھم کی کنیت ابو سَبرۃ تھی۔ اس کنیت نے اتنی شہرت پائی کہ آپ کا اصل نام لوگوں کو بھول گیا۔ ان کی والدہ کا نام برّہ بنت عبدالمطلب ہے جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی پھوپھی تھیں ۔ اس طرح حضرت ابو سبرۃ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے پھوپھی زاد بھائی ہوئے۔ حضرت ابو سبرۃ نے حبشہ کی طرف دونوں دفعہ ہجرت کی۔ دوسری ہجرت حبشہ میں ان کی بیوی ام کلثوم بنت سہیل بن عمرو بھی شامل تھیں ۔ ان کے تین بیٹے تھے جن کے نام محمد، عبداللہ اور سعد تھے۔ حضرت ابو سبرۃ جب مکہ سے مدینہ کی طرف ہجرت کر کے آئے تو انہوں نے منذر بن محمد کے پاس قیام کیا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت ابو سبرۃ اور سلمہ بن سلامہ کے درمیان مؤاخات قائم فرمائی۔ حضرت ابو سبرۃ غزوہ بدر، احد، خندق اور باقی تمام غزوات میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ ہمرکاب رہے۔ آپ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات کے بعد مدینہ سے چلے گئے اور مکہ جا کر آباد ہو گئے تھے ۔ حضرت ابو سبرۃ نے حضرت عثمان کے زمانہ خلافت میں وفات پائی۔ (الطبقات الکبریٰ لابن سعد جلد3 صفحہ307-308 ابو سبرۃ بن ابی رھم، دار الکتب العلمیۃ بیروت1990ء)(سیر الصحابہ جلد2 صفحہ583 حضرت ابو سبرہ بن ابی رہم، دار الاشاعت کراچی2004ء)