alislam.org انٹرنیٹ پر احمدیہ مسلم جماعت کی مرکزی ویب سائٹ
مسعود ناصر
اس مضمون کا کچھ حصہ احمدیہ گزٹ کینیڈا کے مارچ و اپریل 2006ء کے شمارہ میں انگریزی میں شائع ہوا تھا جس کا اردو ترجمہ محترمہ سلیمہ احمدصاحبہ ، نیویارک نے کیا۔افادہ عام کے لئے ہدیہ قارئین کیا جاتا ہے۔ (ایڈیٹر)
احمدیہ انٹرنیٹ کمیٹی ( اے۔ آئی ۔ سی) حضرت خلیفۃالمسیح ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی سربراہی میں alislam.org کا انتظام چلارہی ہے۔اس ویب سائٹ کا آغاز حضرت خلیفۃالمسیح الرابع رحمہ اللہ تعالیٰ نے فرمایاتھا اور اب حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی نگرانی میں ترقی کی نئی منزلیں طے کر رہی ہے۔امریکہ کے محترم ڈاکٹر نسیم رحمت اللہ صاحب اے ۔ آئی۔ سی کے چےئرمین ہیں اور ان کے ساتھ رضاکاروں کا ایک بورڈ ہے جس کے ممبران دنیا بھرسے ہیں۔الاسلام ویب سائٹ کو بنانے کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ تمام دنیا کو اسلام کے بارے میں صحیح اور درست معلومات فراہم کی جائیں اور جماعتِ احمدیہ کے ممبران کو دعوت الی اللہ اور تعلیم و تربیت کے لئے انٹرنیٹ پر ذریعہ فراہم کیا جائے ۔ دنیا کے کسی بھی کونے میں آپ بیٹھے ہوں ، انٹرنیٹ کے ذریعے آپ اس روحانی مائدہ سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔اس ویب سائٹ کا آغاز جولائی 1995ء میں ہوا تھا اور پچھلے سال اس ویب سائٹ میں جدید ترین معلومات فراہم کرنے اور ان معلومات کو محفوظ کرنے کے لئے اسے مزید دیدہ زیب بنایا گیاہے۔
قارئین کی خدمت میں alislam.org کے مختلف حصوں کا مختصر تعارف پیش خدمت ہے۔
قرآنِ کریم
alislam.org کا یہ سب سے اہم حصہ ہے۔مکمل انگریزی ترجمہ جدید ترین ’ سرچ انجن‘ کے ساتھ موجود ہے اور مزید بہتر بنانے کا کام ہو رہا ہے۔ایک الگ حصہ میں عربی کے ساتھ انگریزی ترجمہ اور تفسیر موجود ہے اور دوسری زبانوں کے تراجم بھی موجود ہیں۔ جن میں البانیین، بنگالی، چینی، ڈچ، فرانسیسی، یونانی، ہندی، اطالوی، جاپانی، کشمیری، مانی پوری، مراٹھی، اوریا، پرتگالی، ہسپانوی، ٹیلگو، ترکی اور اردو شامل ہیں۔مزید تراجم کا اضافہ ہورہاہے۔ حضرت مسیح موعودعلیہ الصلوٰۃ والسلام ، حضرت خلیفۃالمسیح الاول رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور حضرت خلیفۃ المسیح الثانی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے تراجم وتفاسیر اردو میں موجود ہیں ۔ پانچ جلدوں پر مشتمل انگریزی تفسیر بھی شامل ہے۔
2005ء میں قرآنِ کریم کی مکمل تلاوت بمع انگریزی ترجمہ آڈیو MP3 فائل کی صورت میں ڈالی گئی ہے۔ اور ابھی حال ہی میں تحقیق کرنے والوں کے لئے تمام تراجم اور تفاسیر کو ایک ہی صفحہ پر پڑھنے کے لئے نئی سہولت تیار کی گئی ہے تاکہ بآسانی کسی بھی آیت کی تفسیر مختلف تفاسیر میں دیکھی جاسکے۔
حضرت محمد مصطفی ﷺ
ایک مخصوص حصہ میں آنحضرت ﷺ کی شاندا ر اسوۂ حسنہ کے متعلق کتابیں اور مضامین بھی موجود ہیں۔ آنحضرت ﷺ کی مدح میں لکھا ہوا حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کا عربی قصیدہ بھی اردو اور انگریزی ترجمہ کے ساتھ ڈالا گیا ہے۔ جو لوگ مذہبی بحث و مباحثہ میں دلچسپی رکھتے ہیں ا ن کی سہولت کے لئے خاتم النبیین کے موضوع پر، اور دیگرمذہبی کتب مثلاً بائیبل اور ویدوں میں پیشگوئیوں کے حوالہ جات بھی موجود ہیں۔ کتب میں خاص طور پر سیرۃ خاتم النبیین ﷺ، Life of Muhammad،احادیث کی کتاب حدیقۃ الصالحین، اورحضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی کتاب’ اسوۂ رسول اور خاکوں کی حقیقت ‘شامل ہیں۔
درس القرآن
حضرت خلیفۃالمسیح الرابع رحمہ اللہ تعالیٰ کی درس القرآن اور ترجمۃ القرآن کلاسز بھی آڈیو کی صورت میں ڈالی گئی ہیں اور مزید کام جاری ہے تاکہ مکمل سیٹ انٹرنیٹ پر آجائے۔
حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کی خدمت میں خطوط
اکتوبر 2005 ء میں ایک نئی اور دلچسپ بلا معاوضہ سروس شامل کی گئی ہے۔ آپ ویب سائٹ پر ’رجسٹر‘ ہو کر خود کو اس سروس میں شامل کر سکتے ہیں اور حضور ایداللہ تعالیٰ کو انگریزی زبان میں اپنے خطوط بھیج سکتے ہیں۔جو کہ چند ہی گھنٹوں میں حضور ایدہ اللہ تعالیٰ کے پرائیویٹ سیکریٹری صاحب کے دفتر میں پہنچ جاتے ہیں۔
زبا نیں
اس ویب سائٹ کی بنیادی زبان انگریزی ہے۔ تاہم اس میں مزیدپندرہ (15) زبانیں شامل کی گئی ہیں۔ جن میں عربی، چینی، جرمن،جاپانی، ہسپانوی، سواھلی، روسی، فرانسیسی، مالایالم، ترکی ، انڈونیشی ، سوئٹز ، سویڈش، نارویجن، اور اردو شامل ہیں۔ اس حصہ میں ماہانہ رسالہ جات اور جماعت کی دیگر کتب کو بھی ڈاؤن لوڈ(download) کیا جا سکتا ہے۔
نئی عربی ویب سائٹ
2005 ء میں ایک نئی عربی ویب سائٹ کا اجراء کیا گیا۔جس کا انتظام عربی ڈیسک لندن کے سپرد ہے۔ اور نئے مواد کے ساتھ ترقی پذیر ہے۔ اس کا ایڈریس www.islamahmadiyya.net ہے۔
رسالہ جات اور اخبارات
جماعت کے اہم رسالہ جات بھی اس ویب سائٹ پرپڑھے جاسکتے ہیں جن میں انگریزی اور فرانسیسی کا ریویو آف ریلیجنز اور لندن سے شائع ہونے والا عربی ماہانہ التقویٰ ، اردو کے حصہ میں روزنامہ الفضل ربوہ، ہفتہ وار الفضل انٹر نیشنل لندن، اور ہفتہ وار البدر قادیان شامل ہیں
بعض دیگر رسالہ جات
خدام الاحمدیہ بھارت کا ماہانہ رسالہ مشکٰوۃ ۔ امریکہ سے شائع ہونے والا سہ ماہی جریدہ مسلم سن رائز ،سہ ماہی النحل( انصار اللہ)، بچوں کے لئے الہلال۔ ربو ہ پاکستان سے شائع ہونے والا انصار اللہ، خدام الاحمدیہ کا ماہانہ خالد، بچوں کا ماہانہ تشحیذ الازہان۔ کینیڈا اور امریکہ سے شائع ہونے والے ماہانہ احمدیہ گزٹ۔ مالایالم زبان میں کیرلا انڈیا سے شائع ہونے والے چار جرائد ستیہ دوتھن ، ستیہ متھرم (انصاراللہ)، الحق (خدام الاحمدیہ) اور النور (لجنہ اماء اللہ) شامل ہیں۔ اسی طرح الفرقان کے۲۱ سالہ شمارے بھی ویب سائٹ پر ڈال دیے گئے ہیں۔
چوبیس گھنٹے رواں MTA
alislam.org پرایم ٹی اے کے پروگرامز10مئی 1996ء کے خطبہ جمعہ سے آڈیو اور ویڈیو کی صورت میں رواں نشریات کے ساتھ پیش کرنے شروع کئے جس کی وجہ سے وہ احباب جن کے پاس ڈش انٹینا کی سہولت موجود نہیں ہے یا ایسے دور دراز علاقوں میں رہتے تھے جہاں ابھی ایم ٹی اے کی نشریات نہیں پہنچ رہی تھیں انہوں نے بھی ایم ٹی اے کی نشریات سے استفادہ کرنا شروع کردیا۔ 2001 ء سے اس کو باقاعدہ چوبیس گھنٹے مسلسل پیش کیا جارہا ہے اور اس وقت سے لے کر اب تک محفوظ کئے گئے اہم تاریخی خطابات، تقاریر اور خطباتِ جمعہ بھی سائٹ پر موجود ہیں۔گزشتہ سالوں کے مواد کوبھی انٹرنیٹ پر پیش کرنے کے لئے کام جاری ہے۔
Podcasting
پوڈ کاسٹنگ آڈیو فائلز کو انٹرنیٹ پر ڈالنے اور پھرسامعین کو ان فائلز کو اپنے کمپیوٹر پر موصول کرنے کا ایک ذریعہ ہے۔ تازہ خطبہء جمعہ ناظرین اور سامعین کے لئے ان کے کمپیوٹر اور MP3 player پر ڈاؤن لوڈ کرنے کے لئے چار مختلف زبانوں میں دستیاب کیا جاتا ہے۔ iTunes اورPodcasting کے ذریعے بھی یہ خدمات فراہم کی جاتی ہیں۔
نمائشی تصاویر
ایک حصہ اہم تاریخی تصاویرپر بھی مشتمل ہے ۔ ان تصاویر کو چار حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ اہم شخصیات، مساجد، مقامات اور واقعات ۔ الاسلام کے اس حصہ میں تقریباً سولہ ہزار (16,000) تصاویر موجود ہیں اور مزید ڈالی جا رہی ہیں۔
اردو نظم
alislam.org کا یہ حصہ بہت مشہور ہے جو کہ تین سو(300) نظموں کو MP3 اور real media میں ڈاؤ ن لوڈ کرنے کے لئے فراہم کیا گیا ہے۔ ان تما م نظموں کو شاعروں کے نام سے منسوب کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی نظم کو آسانی سے تلاش کرکے ڈاؤن لوڈ کیا جا سکے۔
کتب
تقریباً دوسوسے زائد کتب آ ن لائن پڑھنے اور ڈاؤن لوڈ کرنے کے لئے موجود ہیں۔ چند اہم کتب میں قرآنِ کریم کی مکمل تفاسیر، روحانی خزائن، ملفوظات، اور حضرت مصلح موعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی انوار العلوم اور خطباتِ محمود اور حضرت خلیفہ المسیح الرابع رحمہ اللہ تعالیٰ کے خطباتِ طاہر بھی شامل ہیں۔ مصنف کے ناموں کے زمرہ میں ان کی کتابوں کے نام ڈالے گئے ہیں۔ اورموضوعات کو ان کے زمرہ میں شامل کرنے پر کام ہو رہا ہے۔ اس حصہ میں کتابوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ اس گراں قدر خزانہ سے مستفیض ہونے کے لئے درج ذیل ویب سائٹ دیکھیں۔ alislam.org/books/
اہم موضوعات
کچھ اہم موضوعات کے لئے ویب سائٹ میں خصوصی صفحات موجود ہیں۔ ذیل میں ایسے تین موضوعات کا ذکر کیا جاتا ہے۔
خلافت علیٰ منہاج النبوۃ
نظام خلافت کی تاریخ، اہمیت ، برکات اور ہماری ذمہ داریوں پر مبنی کئی مضامین اور کتب اس حصہ میں شامل ہیں۔ اسی طرح خلفاء راشدین کا تعار ف اور خلافت احمدیہ پر کئی مضامین شامل کئے گئے ہیں۔ صدسالہ خلافت جوبلی کے متعلق حضور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشاد فرمودہ دعاؤں کی تحریک ، اور اسی طرح دوسرے مضامین پیش کیے جارہے ہیں۔
حضرت عیسیٰ علیہ السلام ۔ خدا کے برگزیدہ نبی
یہ عجیب بات ہے کہ دنیا کی تین بڑے مذاہب کے ماننے والے یعنی یہودی، عیسائی اور مسلمان حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی پیدائش اور وفات کے واقعات کے متعلق ایک دوسرے سے متفق نہیں۔اسی موضوع پر احمدیت یعنی حقیقی اسلام کیا کہتا ہے، اس حصہ میں پایا جاتا ہے۔
جہاد اور دہشت گردی
موجودہ صورتِ حال میں یہ ایک نہایت ہی اہم حصہ ہے۔ جو کہ اصل جہاد کے بارے میں مکمل تفصیل کے ساتھ قارئین کو اہم معلومات پہنچاتا ہے۔ اور جہاد کے بارے میں ناقص تصور کو رد کرتا ہے۔ دہشت گردی کے بارے میں اسلام کیا کہتا ہے اور جہاد کا اصل مفہوم کیا ہے؟ اس بارے میں انگریزی زبان میں سیر حاصل مواد فراہم کیا گیا ہے۔
بآواز کتب
اس حصہ میں حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃوالسلام کی چند کتب MP3 فائل کی صورت میں ڈالی گئیں ہیں۔
سوال و جواب
حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ کے سوال وجواب کی نشستوں کو کوئی نہیں بھلا سکتا۔ الاسلام نے اس مقصد کے لئے ایک الگ حصہ www.askislam.org کے نام سے مخصوص کیا ہوا ہے یعنی اسلام سے پوچھیں۔ یہ حصہ روزمرہ زندگی کے بارے میں دلچسپ موضوعات پر سوال اور ان کے جوابات انگریزی زبان میں پیش کرتا ہے۔ جنہیں موضوع کے اعتبار سے ڈھونڈا جا سکتا ہے۔ اس حصہ میں مزید سوال و جواب ڈالنے کا کام امریکہ میں جاری ہے۔
ڈیجیٹل میڈیا لائبریری
اس لائبریری میں حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ تعالیٰ کے ایم ٹی اے کے ملاقات پروگرام لقاء مع العرب ، فرنچ اور بنگلہ ملاقات سے قریباً ایک ہزار گھنٹے کے سوال و جواب کو آڈیو اور ویڈیو کی صورت میں پیش کیا گیا ہے اور ابھی اس پر مزید کام جاری ہے تاکہ اور مختلف پروگرامز کو اس میں نہ صرف محفوظ کیا جائے بلکہ تمام دنیا کے لئے انٹرنیٹ پر پیش کیا جائے۔ ایک سرچ انجن کی مدد سے آپ اپنے مطلوبہ مضمون پر سوال و جواب تلاش کرسکتے ہیں ۔
جلسہ سالانہ
2003ء میں یہ حصہ ویب سائٹ میں ڈالا گیا تھا۔ جلسہ سالانہ کی تقاریر، نظمیں ، تصاویر اس حصہ کو خوبصورت بناتی ہیں۔ 2003ء میں برطانیہ ، جرمنی اور قادیان کے جلسہ کی کاروائیاں شامل کی گئیں ۔ 2006ء تک اُنیس(19) ممالک کے جلسے شامل کئے گئے۔ ان جلسوں کے موقع پر خصوصی انتظام کے تحت تصاویر کے ذریعہ جلسہ کی کاروائی کی جھلک پیش کی جاتی ہے۔ تقاریر کو اسی دن ریکارڈ کرکے محفوظ کرنے اور بعد میں سننے کی سہولت بھی موجود ہے۔ یہ حصہ ہماری جماعت کے اہم اور تاریخی واقعات کو ریکارڈ کر کے آئندہ نسل کے لئے محفوظ کرنے کا بہت شاندار کا م کر رہا ہے۔
آن لائن سٹور
الاسلام سٹور 2001ء سے کتب، CDs، اور DVDs دنیا بھر میں ترسیل کررہا ہے۔ اس کی بہترین خدمت کی وجہ سے ’یاہو‘ (yahoo) نے پہلے ہی سال اس کو اعلیٰ اعزاز بھی دیا۔آپ دنیا میں کہیں بھی موجود ہوں، گھر بیٹھے انٹرنیٹ کے ذریعے جماعت احمدیہ کی کتب خرید سکتے ہیں اور یہ کتب ڈاک کے ذریعے آپ کے گھر پہنچ جاتی ہیں۔
احمدیوں پر ظلم و ستم کی خبریں
اس موضوع پر ایک الگ ویب سائٹ (www.ThePersecution.org) بڑی محنت سے ترتیب دیا گیا ہے جس میں پاکستان ، بنگلہ دیش اور انڈونیشیا میں جماعت کے خلاف چھپنے والی خبریں، احمدیوں پر ہونے والے ظلم و ستم کا ریکارڈ، تصاویر اور اخباری تراشے شامل ہیں ۔ اس ویب سائٹ میں خاص طور پر 2001 ء سے اب تک کا قریباً تمام ریکاڈ موجود ہے۔ اہم قانونی اور حکومتی دستاویزات اور حقوقِ انسانی کی تنظیموں کی رپورٹس بھی اس ویب سائٹ میں رکھی گئی ہیں۔
سرچ انجن
اتنی بڑی ویب سائٹ پر اپنے لئے کسی بھی چیز کو ڈھونڈنا آسان کام نہیں۔ لہذا کسی بھی موضوع پر مواد تلاش کرنے کے لئے ’سرچ انجن‘ کے ذریعے اس کام کو سر انجام دیا جاتا ہے۔ اگر آپ اپنے مطلوبہ موضوع کو تلاش کرنے والے خانے میں لکھیں تو آپ کا مطلوبہ موضوع یا اس سے ملتا جلتا موضوع آپ کی سکرین پر کھل جائے گا۔
الاسلام کے زیرنگرانی چلنے والی مزید ویب سائٹ
انٹر نیٹ پر عالمگیر جماعت احمدیہ مسلم کی نمائندگی alislam.org کرتی ہے۔ اس کے علاوہ بھی چند ممالک کی ویب سائٹ اور دیگرموضوعات پر ویب سائٹ ہیں جو درج ذیل ہیں۔
ممالک کی ویب سائٹ
کینیڈا www.ahmadiyya.ca
جرمنی www.ahmadiyya.de
انڈونیشیا www.ahmadiyya.or.id
ماریشیس www.theislam.org/mauritius/
ہالینڈ www.ahmadiyya-islam.nl
سویڈن www.ahmadiyya.se
سوئٹزر لینڈ www.ahmadiyya.ch
برطانیہ www.ahmadiyya.org.uk
ریاستہائے متحدہ امریکہwww.ahmadiyya.us
دیگر موضوعات پر ویب سائٹ کی بڑھتی ہوئی فہرست
جلسہ سالانہ www.jalsasalana.org
انگریزی سوال وجوا ب www.askislam.org
جماعتِ احمدیہ کے خلاف معاندانہ خبریں www.thepersecution.org
ایم ۔ٹی ۔اے انٹرنیشنل www.mta.tv
فضلِ عمر فاؤنڈیشن www.fazleumarfoundation.org
طاہر فاؤنڈیشن www.tahirfoundation.org
رضاکاروں کی ٹیم
محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے ان تمام کاموں کو چلانے کے لئے ایک مرکزی ٹیم خدمت کی توفیق پارہی ہے جن میں پیر حبیب الرحمن صاحب،امریکہ، مرید احمد نذیر صاحب،امریکہ، منصور ملک صاحب،امریکہ، سلمان ساجد صاحب ،امریکہ، نوید الاسلام صاحب ،کینیڈا، اور خاکسار مسعودناصر،کینیڈاشامل ہیں۔ ان کے علاو ہ دنیا بھر سے بہت سے رضاکارخدمت کی توفیق پارہے ہیں احباب کی خدمت میں تمام رضاکاروں کے لئے دعا کی درخواست ہے۔
رحمتِ خداوندی
خدا تعالیٰ کی یہ ایک بہت بڑی رحمت ہے اور نعمت عظمیٰ بھی کہ اس معلوماتی دور میں جماعت احمدیہ اسلام کو دنیا کے ہر کنارے تک پہنچانے کے لئے جدید ترین فنی آلات کو بھر پور طریقے سے استعمال کر رہی ہے۔ جو کہ قرآنِ کریم میں موجود ایک عظیم الشان پیش گوئی کے پورا ہونے کی دلیل ہے۔
وَ اِذَاالصُّحُفُ نُشِرَتْ (سورۃالتکویر81:11 ) اور جب کتابیں پھیلا دی جائیں گی ۔
دنیا کے کناروں تک اسلام کا پیغام پہنچانے کے لئے مسلم ٹیلی ویژن احمدیہ جدید ترین تکنیک بصورتِ سیٹیلائٹ استعمال کررہاہے۔ جب کہ الاسلام بھی حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام اور جماعت احمدیہ کے دوسرے اکابرین کی کتابیں اور مضامین انٹر نیٹ کے ذریعہ پوری دنیا تک پہنچاتا ہے۔ کوئی بھی شخص ان تمام چیزوں کو اپنے گھر میں بیٹھے آسانی سے حاصل کرکے ان کو پڑھ اور سن سکتا ہے۔ یقیناًیہ خدا تعالیٰ کی ایک بہت بڑی نعمت ہے۔ خدا تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں ان تما م چیزوں سے بھر پور فائدہ اٹھانے والا بنائے اور ہم اپنی زندگی کے اصل مقصد کو حاصل کر سکیں ۔ آمین۔
(احمدیہ گزٹ کینیڈا ۔ اکتوبر۔ دسمبر 2007ء)