حضرت اَبُوحَنَّہْ مالِک بن عَمْروؓ
اَبُوحَنَّہْ ان کی کنیت تھی۔ مَالِک بن عَمْرو ان کا نام تھا۔ محمد بن عمر وَاقِدی نے آپؓ کو شرکائے بدر میں شمار کیا ہے۔ آپؓ کے نام کے بارے میں اختلاف ہے۔ بعض روایات کے مطابق آپؓ کا نام عامر اور ثابِت بن نُعْمَان بھی بیان ہوا ہے۔ آپؓ کی کنیت اَبُوحَبَّہْ اور ابو حیَّہ بھی بیان کی جاتی ہے لیکن محمد بن عمر واقِدی کہتے ہیں کہ اَبُوحَبَّہْ کنیت کے دو اشخاص کا ذکر ملتا ہے۔ ایک اَبُوحَبَّہْ بن غَزِیَّہ بن عمرو اور دوسرے اَبُوحَبَّہْ بن عَبدِ عمرٍو اَلْمَازِنِی۔ یہ دونوں غزوۂ بدر میں شریک نہیں ہوئے تھے۔ شاملین ِبدر میں کسی کی کنیت اَبُوحَبَّہْ نہ تھی بلکہ غزوۂ بدر میں جو شامل ہوئے ہیں ان کی کنیت اَبُوحَنَّہ تھی۔ اس لحاظ سے وہ اپنی بات پر زور دیتے ہیں کہ اَبُوحَنَّہہی ان کی کنیت تھی۔ (الطبقات الکبریٰ جلد3 صفحہ365 ابو حنہ۔ دار الکتب العلمیۃ بیروت1990ء) (اسد الغابۃ جلد6 صفحہ63 ابو حبہ الانصاری۔ دار الکتب العمیۃ بیروت2003ء)