حضرت اَنَس بن مُعَاذ انصاریؓ
بعض روایات میں حضرت اَنَس بن مُعَاذ انصاریؓ کا نام اُنَیْس بھی بیان ہوا ہے۔ ان کا تعلق انصار کے قبیلہ خزرج کی شاخ بنو نجار سے تھا۔ آپ کی والدہ کا نام اُمّ ِاُنَاس بنت خالد تھا۔ آپ غزوۂ بدر، احد، خندق سمیت تمام غزوات میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ شامل ہوئے۔ غزوۂ احد میں آپؓ کے بھائی حضرت اُبَیْ بن معاذ بھی آپ کے ساتھ شامل ہوئے۔ ان کی وفات کے بارے میں اختلاف ہے۔ ایک روایت میں ہے کہ ان کی وفات حضرت عثمان کے زمانۂ خلافت میں ہوئی۔ جبکہ دوسری روایت میں ہے کہ حضرت انس بن معاذ اور ان کے بھائی حضرت اُبَیْ بن مُعاذ بئرِ مَعُونَہ میں شہید ہوئے تھے۔ (الطبقات الکبریٰ جلد 3صفحہ 381 انس بن معاذؓ مطبوعہ دار الکتب العلمیہ بیروت 1990ء) (اسد الغابہ جلد 1صفحہ 299 انس بن معاذ بن انسؓ مطبوعہ دار الکتب العلمیہ بیروت2003ء)