حضرت اَوْس بن ثَابِت بن مُنْذِرؓ
حضرت اَوْس بن ثَابِت بن مُنْذِر بھی انصاری تھے۔ ان کی کنیت اَبُو شَدَّاد تھی۔ حضرت اَوس کے والد کا نام ثابت تھا۔ آپ کی والدہ کا نام سُخْطیٰ بنتِ حَارِثَہ تھا۔ آپ مشہور صحابی حضرت شَدَّاد بن اَوْس کے والد تھے۔ آپؓ کا تعلق انصار کے قبیلہ بَنُو عَمرو بِن مَالِک بن نَجَّار سے تھا۔ یہ عقبہ ثانیہ میں شامل تھے نیز ایمان لائے۔ غزوۂ بدر اور غزوۂ احد میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ شامل ہوئے۔ حضرت حسّان بن ثابتؓ (جو مشہور شاعر تھے) اور حضرت اُبَیْ بن ثابت آپؓ کے بھائی تھے۔ حضرت عثمان بن عفانؓ جب مدینہ ہجرت کر کے آئے تو ان کے ہاں ان کا قیام ہوا اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت عثمان بن عفّانؓ اور حضرت اوس بن ثابت کے درمیان مؤاخات قائم فرمائی۔ ان کی وفات کے بارے میں عبداللہ بن محمد بن عُمَارَہ انصاری کہتے ہیں کہ ان کی وفات، ان کی شہادت غزوۂ احد میں ہوئی تھی۔ بعض دوسرے اس سے اختلاف بھی کرتے ہیں لیکن جو اختلاف کرنے والے ہیں وہ کمزور راوی ہیں۔ (الطبقات الکبریٰ جلد 3صفحہ 41, 382 عثمان بن عفانؓ، اوس بن ثابتؓ مطبوعہ دار الکتب العلمیہ بیروت 1990ء)