حضرت ثقف بن عمروؓ

خطبہ جمعہ 12؍ اکتوبر 2018ء

حضرت ثقف بن عمرو کے قبیلہ کے بارے میں مختلف آراء ہیں ۔ بعض نے بنو اسلم، بعض کے نزدیک بنو اسد تھا، جبکہ بعض آپ کا تعلق قبیلہ بنو سُلَم سے بتاتے ہیں ۔ آپ بنو اسد کے حلیف تھے لیکن بعض کے نزدیک آپ بنو عبد شمس کے حلیف تھے۔ یہ اپنے دو بھائیوں کے ساتھ بدرمیں شریک ہوئے جن کے نام حضرت مالک بن عمرو اور مُدلاج بن عمرو ہیں ۔ حضرت ثقف بن عمرو اولین مہاجرین میں سے تھے۔ غزوہ بدر، احد، خندق، حدیبیہ اور خیبر میں شامل ہوئے اور غزوہ خیبر میں آپ کی شہادت ہوئی۔ (اسد الغابۃ فی معرفۃ الصحابۃ جلد1 صفحہ476 ثقف بن عمرو، دار الکتب العلمیۃ بیروت ) (الاصابۃ فی تمییز الصحابۃ جلد1 صفحہ525 ثقاف، دار الکتب العلمیۃ بیروت 1995ء) (الطبقات الکبریٰ لابن سعد جلد3 صفحہ72 ثقف بن عمرو، دار الکتب العلمیۃ بیروت1990ء)