حضرت ثَعْلَبَہ بن غَنَمَہؓ
حضرت ثعلبہ کا نام ایک روایت میں ثَعْلَبَہ بن عَنَمَہ بھی بیان ہوا ہے۔ حضرت ثعلبہ کی والدہ کا نام جَہِیْرَہ بنت قَیْن تھا۔ آپ کا تعلق انصارکے قبیلے بنو سَلَمہ سے تھا۔ حضرت ثعلبہ اُن ستّر اصحاب میں شامل تھے جنہوں نے بیعت عقبہ ثانیہ میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے ہاتھ پر بیعت کی تھی۔ حضرت ثعلبہ جب ایمان لائے تو آپ نے، حضرت معاذ بن جبلؓ اور عبداللہ بن اُنَیس نے مل کر بنو سلمہ کے یعنی اپنے قبیلے کے ہی بت توڑے۔ آپ غزوۂ بدر، احد اور خندق میں شریک ہوئے اور غزوہ خندق میں ھُبَیْرَہ بِن اَبِی وَھَب نے حضرت ثعلبہ کو شہید کیا۔ ایک روایت کے مطابق حضرت ثعلبہ غزوۂ خیبر کے موقع پر شہید ہوئے تھے۔ (الطبقات الکبریٰ جلد 3صفحہ 435 ثعلبہ بن غنمہؓ مطبوعہ دار الکتب العلمیہ بیروت 1990ء)، (استیعاب جلد 1صفحہ 207 ثعلبہ بن عنمہؓ مطبوعہ دار الجیل بیروت 1992ء)