حضرت حارث بن انس انصاریؓ
حضرت حارث بن انس انصاری کی والدہ کا نام حضرت ام شریک تھا اور والد انس بن رافع تھے۔ آپ کی والدہ نے بھی اسلام قبول کیا اور رسول اللہ کی بیعت سے مشرف ہوئی تھیں۔ حضرت حارث کا تعلق قبیلہ اوس کی شاخ بنو عبدالاشْھَل سے تھا۔ غزوۂ بدر اور احد میں شامل ہوئے تھے اور غزوۂ احد میں آپ کو شہادت نصیب ہوئی۔ حضرت حارِث ان چند اصحاب میں سے تھے جو غزوۂ احد میں حضرت عبداللہ بن جُبَیْر کے ساتھ درّے پر ڈٹے رہے اور جامِ شہادت نوش کیا۔ (الطبقات الکبریٰ جلد 3صفحہ 334 حارث بن انسؓ، صفحہ 362 عبد اللہ بن جبیرؓ مطبوعہ دار الکتب العلمیہ بیروت 1990ء) (الطبقات الکبریٰ جلد 8صفحہ 277 ام شریکؓ مطبوعہ دار الکتب العلمیہ بیروت 1990ء)