دینی معلومات

عہد حضرت خلیفۃ المسیح الثالث رَحِمَہُ اللہ تَعَالٰی

سوال: خلافت ثالثہ کا انتخاب کس تاریخ کو ہوا اور کون خلیفہ بنے؟

جواب : 8 نومبر 1965ء کو سیدنا حضرت صاحبزادہ حافظ مرزاناصر احمد صاحب رحمہ اللہ خلیفہ منتخب ہوئے۔

سوال: حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو آپ کے بارہ میں اللہ تعالیٰ نے کیا بشارت دی تھی؟

جواب: الہاماً فرمایا: “ِانَّا نُبَشِّرُکَ بِغُلَامٍ نَافِلَۃً لَّکَ“۔ (حقیقۃ الوحی صفحہ95)

ترجمہ: یعنی ہم ایک لڑکے کی تجھے بشارت دیتے ہیں جو تیرا پوتا ہوگا۔

سوال: حضرت خلیفۃ المسیح الثالث رحمہ اللہ کی تاریخ پیدائش اور تاریخ وفات کیا ہے۔

جواب: تاریخ پیدائش 16 نومبر 1909ء بمقام قادیان اور تاریخ وفات 8، 9 جون 1982ء کی درمیانی شب بمقام بیت الفضل اسلام آباد پاکستان

سوال: حضرت خلیفۃ المسیح الثالثؒ نے کب قرآن کریم مکمل حفظ کیا؟

جواب: 17 اپریل 1922ء کو جبکہ آپ کی عمر 13 سال کی تھی۔

سوال: حضرت خلیفۃ المسیح الثالث رحمہ اللہ خلافت سے قبل کون کون سے نہایت اہم جماعتی عہدوں پر فائز رہے؟

جواب: 1939ء تا1944ء پرنسپل جامعہ احمدیہ قادیان،

1939ء تا 1949ء صدرمجلس خدام الاحمدیہ مرکزیہ،

1944ء تا1965ء پرنسپل تعلیم الاسلام کالج قادیان لاہورو ربوہ،

1954ء تا 1968ء صدر مجلس انصار اللہ مرکزیہ،

1955ء تا1965ء صدر صدر انجمن احمدیہ

سوال: خلافت ثالثہ کی پہلی مالی تحریک کون سی تھی اور کتنے چندہ کا مطالبہ کیا گیا تھا؟

جواب: پہلی مالی تحریک فضل عمر فاؤنڈیشن کی تھی اور تین سال کے اندر25لاکھ کا مطالبہ تھا۔ اس کا مقصد حضرت فضل عمر خلیفۃ المسیح الثانی کی یادگار کے طور پر آپ کے مقاصد عالیہ کو جاری رکھنا تھا۔

سوال: کس ملک کے سربراہ احمدی ہوئے اور کس پیشگوئی کا ایک مظہر بنے؟

جواب: مغربی افریقہ کے ملک گیمبیا کے گورنر جنرل الحاج سر ایف ایم سنگھاٹے نے (جو1963ء میں احمدی ہوئے اور 1965ء میں گورنر جنرل بنے) حضرت خلیفۃ المسیح الثالثؒ سے حصول برکت کی خاطر حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے کپڑے کی درخواست کی اس طرح وہ “بادشاہ تیرے کپڑوں سے برکت ڈھونڈیں گے” کی پیشگوئی کے پہلے مظہر بنے۔

سوال: آپ نے نوجوانان احمدیت کیلئے کیا ماٹو (نصب العین) تجویز فرمایا ہے؟

جواب: حضرت مسیح موعودؑ کا الہام “تیری عاجزانہ راہیں اس کو پسند آئیں “۔

سوال: حضرت خلیفۃ المسیح الثالث رحمہ اللہ کا کوئی الہام بتائیں؟

جواب: “بُشْرٰی لَکُمْ

سوال: کوئی ایساالہام بتائیں جو حضرت مسیح موعودؑ، حضرت مصلح موعوداور حضرت خلیفۃ المسیح الثالثؒ تینوں کو ہوا ہو۔

جواب: یَادَاوٗدُ اِنَّا جَعَلْنٰکَ خَلِیفَۃً فِی الاَرْضِ

ترجمہ: اے داؤد!ہم نے تجھے زمین میں اپنا جانشین بنایاہے۔

سوال: تحریک جدید کے دفتر سوم کا اجراء کب اور کس نے کیا؟

جواب: 22 اپریل 1966ء کو حضرت خلیفۃ المسیح الثالثؒ نے دفتر سوم کے اجراء کا اعلان فرمایا اور فرمایا کہ یہ دفتر 1965ء سے جاری شدہ سمجھا جائے گا تاکہ حضرت مصلح موعود کے دور کی طرف منسوب ہو۔

سوال: وقف جدید دفتر اطفال کا قیام کب ہوا؟

جواب: 17اکتوبر1966ء کو حضرت خلیفۃ المسیح الثالثؒ نے احمدی بچوں سے 50 ہزار روپیہ جمع کرنے کا مطالبہ فرمایا۔

سوال: بیت اقصیٰ ربوہ کا سنگ بنیاد اور افتتاح کب ہوا؟

جواب: سنگ بنیاد 28 اکتوبر 1966ء کواور افتتاح 31 مارچ 1972ء کو۔

سوال: خلافت لائبریری ربوہ کی عمارت کا سنگ بنیاد اور افتتاح کس نے اور کب کیا؟

جواب : حضرت خلیفۃ المسیح الثالث رحمہ اللہ نے۔ سنگ بنیاد18 جنوری 1970ء کواورافتتاح 3 اکتوبر 1971ء کو۔

سوال: 1970ء کے دورہ افریقہ کے دوران حضورنے کن کن ممالک کے سربراہان سے ملاقات کی؟

جواب: نائیجریا کے صدر یعقوبو گوون، صدر غانا، صدر لائبیریا ٹب مین، صدرگیمبیا داؤد اجوارا اوروزیر اعظم سیرالیون سے۔

سوال: افریقی ممالک کیلئے نصرت جہاں سکیم کا آغاز کب ہوا؟

جواب: 24مئی 1970ء کو بیت الفضل لندن میں حضرت خلیفۃ المسیح الثالثؒ نے نصرت جہاں سکیم کا اعلان فرمایا جب کہ 12 جون کو ربوہ میں نصرت جہاں ریزرو فنڈ کی تحریک فرمائی۔

سوال:۔ خدام الاحمدیہ کے رومال کا نمونہ کب اور کس نے مقرر فرمایا؟

جواب: مرکزی سالانہ اجتماع کے موقع پر5 اکتوبر1972ء کو حضرت خلیفۃ المسیح الثالث رحمہ اللہ نے۔

سوال: حضور نے صد سالہ جوبلی منصوبہ کا اعلان کب فرمایا؟

جواب: 28دسمبر 1973ء جلسہ سالانہ کے موقع پر فرمایا اور صدسالہ جوبلی کی دعاؤں پر مشتمل روحانی منصوبہ کا اعلان 8 فروری 1974ء کو فرمایا۔

سوال: 1974ء میں پاکستان کی قومی اسمبلی میں جماعت احمدیہ کی نمائندگی میں جو وفد پیش ہوا اس کے ممبران کے نام بتائیں۔

جواب: حضرت خلیفۃ المسیح الثالث رحمہ اللہ، حضرت صاحبزادہ مرزا طاہر احمد صاحب رحمہ اللہ، محترم شیخ محمد احمد مظہرصاحب، محترم مولانا ابوالعطاء صاحب، محترم مولانا دوست محمدشاہد صاحب۔

سوال: قومی اسمبلی 1974ء میں جماعت احمدیہ کے وفد پر کتنے روز تک جرح جاری رہی؟

جواب: دو دن تک حضرت خلیفۃ المسیح الثالثؒ نے محضرنامہ پڑھا جس کے بعد گیارہ دن تک سوال و جواب کا سلسلہ جاری رہا۔

سوال: 1974ء میں جماعت احمدیہ کو غیر مسلم اقلیت قرار دینے والی قومی اسمبلی کے پارلیمانی لیڈر اور سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کو کب اور کہاں پھانسی دی گئی؟

جواب: 4 اپریل 1979ء کو سنٹرل جیل راولپنڈی میں۔

سوال: تاریخی “کسر صلیب کانفرنس” کب اور کہاں منعقد ہوئی؟

جواب: 2، 3، 4 جون 1978ء کو لندن میں ہوئی۔ حضرت خلیفۃ المسیح الثالثؒ بنفس نفیس شریک ہوئے اور 4 جون کو اختتامی خطاب فرمایا۔

سوال: “اطفال الاحمدیہ” کے معیار کبیر کا قیام کب ہوا؟

جواب: 1980ء میں۔ اس معیار میں 13سال سے15 سال کے بچے شامل ہیں جب کہ معیار صغیر میں 7سال سے 12 سال تک کے بچے شامل ہیں۔

سوال: 1980ء کے سالانہ اجتماع خدام الاحمدیہ مرکزیہ کو کیا خصوصی امتیاز حاصل ہے؟

جواب: یہ اجتماع چودھویں اور پندرھویں صدی کے سنگم پر منعقد ہوا اور اس کے تینوں دن حضرت خلیفۃ المسیح الثالث رحمہ اللہ نے ولولہ انگیز خطابات فرمائے۔

سوال: “بیت الذکربشارت” سپین کے بارے میں آپ کیا جانتے ہیں؟

جواب: یہ سپین میں تقریباً سات سو سال بعد تعمیر ہونے والی پہلی (بیت الذکر) ہے۔ جس کی تعمیر کی سعادت جماعت احمدیہ کے حصہ میں آئی۔ اس کا سنگ بنیاد حضرت خلیفۃ المسیح الثالث رحمہ اللہ نے9 اکتوبر 1980ء کو رکھا اور حضرت خلیفہ المسیح الرابع رحمہ اللہ تعالیٰ نے 10 ستمبر 1982ء کو اس کا افتتاح فرمایا۔

سوال: ” ستارہ احمدیت” کے بارے میں آپ کیا جانتے ہیں؟

جواب: حضرت خلیفۃ المسیح الثالث رحمہ اللہ نے جلسہ سالانہ 1981ء کے موقع پر جماعت احمدیہ کو ان برگزیدہ لوگوں کے نشان کے طور پر جو پیدا ہوئے اور قیامت تک پیدا ہوتے رہیں گے۔ “ستارہ احمدیت” عطا فرمایا۔ اس ستارے کے 14 کونے ہیں۔ ہر کونے پراللہ اکبر اور درمیان میں لاالہ الا اللہ لکھا ہواہے۔

سوال: حضرت خلیفۃ المسیح الثالث رحمہ اللہ کی زوجہ محترمہ حضرت سیدہ منصورہ بیگم صاحبہ نے کب وفات پائی؟

جواب: 3 دسمبر 1981ء کو۔

سوال: آپ نے دوسری شادی کن سے اور کب کی؟

جواب: حضرت سیدہ طاہرہ صدیقہ صاحبہ (اطال اللہ عمرھا) سے اپریل 1982ء کو۔

سوال: آپ کی کتب میں سے چند ایک کے نام بتائیں۔

جواب: قرآنی انوار، تعمیر بیت اللہ کے 23 عظیم الشان مقاصد، ایک سچے اور حقیقی خادم کے 12 اوصاف، ہمارے عقائد، المصابیح، جلسہ سالانہ کی دعائیں، امن کا پیغام اور ایک حرف انتباہ۔

سوال: خلافت ثالثہ کے عہد کی بعض اہم تحریکات بتائیں۔

جواب: فضل عمر فاؤنڈیشن کی تحریک، وقف عارضی کی تحریک، نصرت جہاں آگے بڑھو سکیم، صدسالہ احمدیہ جوبلی کی تحریک، احمدیہ تعلیمی منصوبہ کی تحریک، تعلیم القرآن، وقف بعد از ریٹائرمنٹ۔

سوال: احمدیہ تعلیمی منصوبہ کیاتھا؟

جواب: 28 اکتوبر 1979ء کو حضور نے یہ تحریک فرمائی کہ ہر احمدی لڑکا کم از کم میٹرک اور ہر احمدی لڑکی کم از کم مڈل تک ضرور تعلیم حاصل کرے نیز اعلان فرمایا کہ بورڈ اور یونیورسٹی میں اول دوم اور سوم آنے والوں کو انعامی تمغے دیئے جائیں گے۔ تقسیم تمغہ جات کی پہلی تقریب 13 جون 1980ء کو منعقد ہوئی۔

سوال: حضرت خلیفۃ المسیح الثالث رحمہ اللہ تعالیٰ نے غیر ممالک کے دورے کس کس سال فرمائے؟

جواب:

1967ء میں برطانیہ، جرمنی، سوئٹزر لینڈ، ہالینڈ، ڈنمارک کا دورہ فرمایا۔ (اس دورہ میں بیت نصرت جہاں کوپن ہیگن کا افتتاح فرمایا۔ )

1970ء میں انگلستان اور مغربی افریقہ کا دورہ فرمایا۔ غانا، سیرالیون، نائیجریا، آئیوری کوسٹ، لائبیریااور گیمبیا وغیرہ کا۔

1973ء میں جرمنی، سوئٹزر لینڈ، ہالینڈ، ڈنمارک، سویڈن، برطانیہ کا۔

1975ء میں انگلستان، سویڈن، ناروے کا (گوٹن برگ سویڈن میں بیت ناصر کا سنگ بنیاد رکھا)

1976ء میں یورپ کے درج ذیل ممالک کے علاوہ افریقہ اور کینیڈا کا بھی دورہ فرمایا۔ سویڈن، ناروے، ڈنمارک، جرمنی، سوئٹزر لینڈ، ہالینڈ۔

1978ء میں دورۂ یورپ برائے شرکت کسر صلیب کانفرنس فرمایا۔

1980ء میں براعظم یورپ، امریکہ، آسٹریلیا اور افریقہ کے 13ممالک کا دورہ فرمایا۔