حضرت رَافِع بن یَزِیدؓ

خطبہ جمعہ یکم مارچ 2019ء

ایک روایت میں حضرت رَافِع بن یَزِیدؓ کا نام رافع بن زیدؓ بھی بیان کیا گیا ہے۔ حضرت رافع بن یزید کا تعلق انصار کے قبیلہ اوس کی شاخ بَنُو زَعُوْرَاء بن عبدِالْاَشْہَل سے تھا ۔ حضرت رافعؓ کی والدہ عَقْرَب بنتِ مُعَاذ مشہور صحابی حضرت سعد بن مُعاذؓ کی بہن تھیں۔ حضرت رافعؓ کے دو بیٹے اُسَیْد اور عبدالرحمٰن تھے۔ ان دونوں کی والدہ کا نام عَقْرَب  بنتِ سَلَامَہ تھا۔ حضرت رافع غزوۂ بدر و اُحُد میں شریک ہوئے۔ ایک روایت کے مطابق آپ غزوۂ بدر کے دن سعید بن زیدؓ کے اونٹ پر سوار تھے۔ آپؓ غزوۂ اُحُد میں شہید ہوئے۔ (الطبقات الکبریٰ جلد 3صفحہ 337 رافع بن یزیدمطبوعہ دار الکتب العلمیہ بیروت 1990ء) (اسد الغابہ جلد 2صفحہ 235 رافع بن زید مطبوعہ دار الکتب العلمیہ بیروت2003ء)