حضرت رَافِع بِن الْمُعَلّٰیؓ
حضرت رَافِع بِن الْمُعَلّٰیؓ کا تعلق قبیلہ خزرج کی شاخ بَنُوحَبِیْب سے تھا۔ آپ کی والدہ کا نام اِدَامْ بنتِ عَوْف تھا۔ آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت رَافِعؓ اور حضرت صَفْوَان بن بَیْضَاءؓکے درمیان عقدِ مؤاخات قائم فرمایا۔ یہ دونوں اصحاب غزوۂ بدرمیں شریک تھے۔ بعض روایات کے مطابق دونوں ہی غزوۂ بدر میں شہید ہوئے۔ ایک روایت یہ بھی ہے کہ حضرت صَفْوَان بن بَیْضَاءؓ غزوۂ بدر میں شہید نہیں ہوئے تھے۔ مُوْسیٰ بن عُقْبَہ کی روایت ہے کہ حضرت رَافِعؓ اور آپؓ کے بھائی ہِلَال بن مُعَلَّیؓ دونوں غزوۂ بدر میں شریک ہوئے۔ حضرت رَافِع کو عِکْرِمَہ بن ابوجہل نے غزوۂ بدر میں شہید کیا تھا۔ (الطبقات الکبریٰ جلد 3صفحہ 450 رافع بن المعلیٰ مطبوعہ دار الکتب العلمیہ بیروت 1990ء) (الاستیعاب جلد 2صفحہ 484-485 رافع بن المعلیٰ مطبوعہ دار الجیل بیروت 1992ء)