حضرت رَبِیْعَہ بن اَکْثَم ؓ
حضرت رَبِیْعَہ بن اَکْثَم ؓ کی کنیت ابو یَزِید تھی۔ حضرت ربیعہؓ چھوٹے قد اور موٹے جسم کے مالک تھے۔ آپؓ کا تعلق قبیلہ اَسَد بن خُزَیْمَہ سے تھا۔ حضرت ربیعہؓ کا شمار مہاجر صحابہ میں ہوتا ہے۔ ہجرت مدینہ کے بعد آپؓ نے چند دیگر صحابہ کے ہمراہ حضرت مُبَشَّرْ بن عبدُالْمُنْذِر ؓکے گھر میں قیام کیا۔ غزوۂ بدر میں شمولیت کے وقت آپؓ کی عمر تیس برس تھی۔ غزوۂ بدر کے علاوہ آپؓ نے غزوۂ احد، غزوۂ خندق، صلح حدیبیہ اور غزوۂ خیبر میں بھی شرکت کی اور غزوۂ خیبر میں ہی شہادت کا رتبہ بھی پایا۔ آپ کو حارث نامی یہودی نے نَطَاۃْ کے مقام پر شہید کیا۔ نَطَاۃْ خیبر میں موجود ایک قلعہ کا نام ہے۔ شہادت کے وقت آپؓ کی عمر 37 سال تھی۔ (اسد الغابہ جلد 2صفحہ 257 ربیعہ بن اکثم مطبوعہ دار الکتب العلمیہ بیروت2003ء)(الطبقات الکبریٰ جلد 3صفحہ 66,70 عبد اللّٰہ بن جحش، ربیعہ بن اکثم مطبوعہ دار الکتب العلمیہ بیروت 1990ء)