حضرت سعد بن خَوْلِیْ ؓ

خطبہ جمعہ 25؍ جنوری 2019ء

حضرت سعد بن خَوْلِیْ کا تعلق بنوکَلْب کے قبیلے سے تھا۔ آپؓ حضرت حاطب بن ابی بلتعہ کے آزاد کردہ غلام تھے۔ حضرت سعد بن خَوْلِی کا تعلق قبیلہ بنو کلب سے ہے لیکن ابو معشر کے نزدیک ان کا تعلق قبیلہ بَنُو مَذْحِجْ سے تھا۔ بعض لوگوں کا خیال ہے کہ آپ اہل فارس میں سے تھے۔ حضرت سعد بن خَوْلِی، حضرت حاطِب بن ابی بَلْتَعہ کے پاس غلام ہو کر پہنچے۔ حضرت حاطِب بن ابی بَلْتَعہ آپ کے ساتھ نہایت شفقت اور مہربانی سے پیش آتے تھے۔ حضرت سَعْد حضرت حاطب بن ابی بَلْتَعہ کے ساتھ غزوۂ بدر اور غزوۂ احد میں شریک ہوئے اور غزوۂ احد میں آپ کی شہادت ہوئی۔ حضرت عمرؓ نے حضرت سعد کے بیٹے عبداللہ بن سعد کا انصار کے ساتھ وظیفہ مقرر فرمایا۔ (اسد الغابہ جلد 2صفحہ 428 مطبوعہ دار الکتب العلمیہ بیروت2003ء)(الطبقات الکبریٰ جلد 3صفحہ 85مطبوعہ دار الکتب العلمیہ بیروت 1990ء)(سیر الصحابہ جلد 4 حصہ 7 صفحہ 318 حضرت سعد بن خولیؓ مطبوعہ دار الاشاعت کراچی 2004ء)