حضرت سعید بن زیدؓ
حضرت سعیدؓ کے والد کا نام زَید بن عَمْرو اور والدہ کا نام فاطمہ بنت بَعْجَۃ تھا۔ ان کا تعلق قبیلہ عدی بن کعب بن لُؤَیّ سے تھا۔ حضرت سعید بن زیدؓ کی کنیت اَبُوالْاَعْوَر تھی جبکہ بعض نے ابو ثَور بھی بیان کی ہے۔ ان کا قد لمبا، رنگ گندمی اور بال گھنے تھے۔ یہ حضرت عمر بن خطابؓ کے چچازاد بھائی تھے۔ ان کا شجرۂ نسب چوتھی پشت پر نُفَیل پر جا کر حضرت عمرؓ سے ملتا ہے جبکہ آٹھویں پشت پر کَعْب بن لُؤَیّ پر جا کر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم سے ملتا ہے۔ (اسد الغابہ جلد 2 صفحہ 476سعید بن زیددارالکتب العلمیہ بیروت لبنان2003ء) (الطبقات الکبریٰ جلد 3 صفحہ 292، 294سعید بن زیدومن بنی عدی بن کعب بن لُؤَیٍّ۔ دارالکتب العلمیہ بیروت 1990ء) (ماخوذ از روشن ستارےاز غلام باری سیف جلد 2 صفحہ 155)
حضرت سعیدؓ کی بہن عاتکہ کی شادی حضرت عمرؓ سے اور حضرت عمرؓ کی بہن فاطمہ کی شادی حضرت سعیدؓ سے ہوئی تھی اور یہ وہی بہن ہیں جو حضرت عمرؓ کے قبولِ اسلام کا باعث بھی بنیں۔ حضرت سعیدؓ کے والد زَید بن عمروؓ زمانۂ جاہلیت میں ایک خدا کی عبادت کیا کرتے تھے اور حضرت ابراہیمؑ کے دین کی تلاش کیا کرتے تھے اور کہا کرتے تھے کہ جو حضرت ابراہیمؑ کا معبود ہے وہی میرا معبود ہے اور جو ابراہیم کا دین ہے وہی میرا دین ہے۔ (اسد الغابہ جلد 2 صفحہ 476سعید بن زیددارالکتب العلمیہ بیروت لبنان2003ء) (اسد الغابہ جلد 2صفحہ 368زید بن عَمْرو بن نُفَیل دارالکتب العلمیہ بیروت لبنان2003ء)
اس زمانے میں بھی موحد موجود تھے۔ بعض بچے بھی سوال کر دیتے ہیں کہ اسلام سے پہلے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا کیا دین تھا؟ کس کی عبادت کرتے تھے؟تو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم تو سب سے بڑھ کر موحد تھے اور وہ بھی ایک خدا کی عبادت کیا کرتے تھے۔
زید بن عَمْرو ہر قسم کے فسق و فجور غرضیکہ مشرکین کے ذبیحہ سے بھی اجتناب کرتے تھے۔ ایک دفعہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے ان کی ملاقات آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی بعثت سے قبل ہوئی جس کی تفصیل صحیح بخاری میں یوں بیان ہوئی ہے کہ حضرت عبداللہ بن عمرؓ سے روایت ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم زَید بن عَمْرو بن نُفَیل سے بَلْدَحْ مقام کے نیچے ملے پیشتر اس کے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم پر وحی اتری تھی یعنی آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے دعویٔ نبوت سے پہلے کی بات ہے۔ بَلْدَحْ یہ مکّے سے مغرب کی طرف ایک وادی کا نام ہے، مکّے کی طرف جاتے ہوئے تَنْعِیْم کے راستے میں ہے۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے دستر خوان رکھا گیا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے کھانے سے انکار کر دیا۔ زَیدنے کہا کہ مَیں بھی اس سے نہیں کھایا کرتا جو تم اپنے تھانوں میں ذبح کرتے ہو اور مَیں صرف وہی کھاتا ہوں جس پر اللہ کا نام لیا جائے۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے اس احتیاط کے تقاضے کے تحت نہیں کھایا کہ غیر اللہ کے نام پریہ چیزیں ذبح کی گئی ہیں۔ اس پر زَیدنے بھی کہا کہ مَیں بھی غیر اللہ کے نام پر ذبح کی ہوئی چیزیں نہیں کھاتا۔ اور پھر روایت آگے چلتی ہے کہ زَید بن عَمْرو قریش کی قربانیوں کو معیوب سمجھا کرتے تھے اور کہتے تھے کہ بکری کو بھی اللہ تعالیٰ نے پیدا کیا ہے اور آسمان سے اس کے لیے پانی برسایا اور زمین سے اس کے لیے چارہ اگایا۔ پھر تم اس کو اللہ کے سوا اَوروں کے نام پر ذبح کرتے ہو۔ یعنی اس غیر اللہ کے نام پر ذبح کرنے کو بُرا منایا کرتے تھے اور اس کو بہت بڑا گناہ سمجھتے تھے۔ (صحیح البخاری کتاب فضائل مناقب الانصار باب حدیث زَید بن عمر و بن نُفَیل حدیث 3626) (فرہنگ سیرت صفحہ61 زوار اکیڈمی کراچی 2003ء)
زید بن عَمْرو کفرو شرک سے متنفر ہوئے تو انہوں نے حق کی تلاش میں دور دراز ممالک کا سفر کیا۔ اُن کے اس سفر کے متعلق صحیح بخاری کی ایک اَور روایت میں یوں بیان ہوا ہے۔
حضرت ابن عمرؓ روایت کرتے ہیں کہ زَید بن عَمْرو بن نُفَیل شام کے ملک کی طرف دین کے متعلق دریافت کرنے کے لیے گئے تا کہ اس کی پیروی کریں۔ چنانچہ وہ ایک یہودی عالم سے ملے جس سے اِنہوں نے اُن کے دین کے متعلق پوچھا۔ اِنہوں نے کہا، یہودی عالم سے پوچھا کہ مجھے بتائیں شاید میں تمہارا دین اختیار کر لوں۔ تو اس نے کہا کہ ہمارے مذہب پر نہ ہونا یہ تو بگڑ چکا ہے ورنہ تم بھی غضبِ الٰہی سے اپنا حصہ لو گے۔ زَیدنے کہا مَیں تو اللہ کے غضب سے بھاگ رہا ہوں اور مَیں تو اللہ کی ناراضگی کو کبھی برداشت نہیں کروں گا اور مَیں اس کی طاقت کہاں رکھتا ہوں۔ پھر انہوں نے پوچھا کہ کیا تم مجھے اس کے علاوہ کسی دین کا پتا دیتے ہو؟ اس یہودی عالم نے کہا کہ مَیں تو یہی جانتا ہوں کہ انسان حنیف ہو۔ زَیدنے کہا حنیف کیا ہوتا ہے؟ اس نے کہا کہ ابراہیم کا دین۔ نہ وہ یہودی تھے نہ نصرانی اور وہ صرف اللہ ہی کی پرستش کرتے تھے۔ پھر زَید وہاں سے نکلے اور نصاریٰ کے ایک عالم سے ملے اس سے بھی یہی ذکر کیا۔ اس نے کہا کہ تم ہمارے مذہب پر کبھی نہ ہونا ورنہ تم اللہ کی لعنت سے اپنا حصہ لو گے۔ زَیدنے کہا کہ مَیں اللہ کی لعنت سے بھاگ رہا ہوں اور مَیں اللہ کی لعنت اور نہ اس کا غضب برداشت کر سکتا ہوں اور مجھے یہ طاقت ہی کہاں ہے۔ کیا تم مجھے کسی اَور دین کا پتا دیتے ہو؟ اس نے کہا کہ مَیں یہی جانتا ہوں کہ انسان حنیف ہو۔ زَیدنے پوچھا یہ حنیف کیا ہوتا ہے؟ اس نے کہا ابراہیم کا دین۔ نہ وہ یہودی تھے نہ نصرانی اور صرف اللہ کی عبادت کرتے تھے۔ جب زَیدنے حضرت ابراہیم علیہ السلام سے متعلق ان کی رائے دیکھی تو وہ وہاں سے نکلے۔ جب باہر میدان میں آئے تو انہوں نے اپنے دونوں ہاتھ اٹھائے اور کہا اے میرے اللہ! مَیں یہ اقرار کرتا ہوں کہ مَیں حضرت ابراہیمؑ کے دین پر ہوں۔ (صحیح البخاری کتاب فضائل مناقب الانصار باب حدیث زَید بن عمر و بن نُفَیل حدیث 3627)
زید بن عَمْرو نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا زمانہ پایا مگر آپ کی بعثت سے پہلے وفات پا گئے تھے۔ حضرت عَامِر بن رَبِیعہؓ بیان کرتے ہیں کہ زَید بن عَمْرو دین کی تلاش میں رہے اور انہوں نے نصرانیت اور یہودیت اور بتوں اور پتھروں کی پرستش سے کراہت کا اظہار کیا اور انہوں نے اپنی قوم سے اختلاف کیا اور ان کے بتوں اور جن کی ان کے آباؤ اجداد عبادت کیا کرتے تھے ان کو چھوڑ دینے کا اظہار کیا۔ اور نہ ہی وہ ان کا ذبیحہ کھاتے تھے۔ ایک بار انہوں نے مجھے کہا کہ اے عامر! دیکھو مجھے اپنی قوم سے اختلاف ہے۔ میں ابراہیمی ملّت کی پیروی کرنے والا ہوں اور جس کی وہ عبادت کیا کرتے تھے یعنی ابراہیم علیہ السلام اور اس کے بعد اسماعیلؑ کی اتباع کرتا ہوں جو اسی قبلے کی طرف نماز پڑھتے تھے اور میں اسماعیلؑ کی نسل سے ایک نبی کا منتظر ہوں لیکن یوں معلوم ہوتا ہے کہ مجھے اس کا زمانہ نصیب نہیں ہو گا کہ اس کی تصدیق کروں اور اس پر ایمان لاؤں اور گواہی دوں کہ وہ سچا نبی ہے۔ اے عامر! اگر تم اس نبی کا زمانہ پاؤ تو اسے میرا سلام کہنا۔ عامر کہتے ہیں کہ جب آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا ظہور ہوا تو مَیں مسلمان ہو گیا اور حضور صلی اللہ علیہ وسلم کو زَید بن عَمْرو کا پیغام دیا اور سلام عرض کیا۔ حضوؐ ر نے سلام کا جواب دیا اور ان کے لیے رحمت کی دعا کی اور فرمایا مَیں نے اس کو جنت میں اس طرح دیکھا کہ وہ اپنے دامن کو سمیٹ رہا تھا۔ (ماخوذ از روشن ستارے از غلام باری سیف جلد2صفحہ156) (الطبقات الکبریٰ لابن سعد جزء3 صفحہ 290سعید بن زیددارالکتب العلمیہ بیروت 1990ء)
زید بن عَمْرو کو اپنے مُوَحِّدْ ہونے پر نہایت فخر تھا۔ حضرت اَسْماء بنتِ ابوبکر زمانہ جاہلیت کا ایک واقعہ بیان کرتی ہیں کہ مَیں نے زَید بن عَمْرو بن نُفَیل کو دیکھا کہ کعبے سے اپنی پیٹھ لگائے کھڑے یہ کہہ رہے تھے کہ اے قریش کے لوگو ! اللہ کی قسم!! تم میں سے کوئی بھی میرے سِوا ابراہیم کے دین پر نہیں ہے۔ اور زَید بیٹیوں کو زندہ نہیں گاڑتے تھے جو عربوں کے بعض قبیلوں کی رسم تھی کہ بیٹیوں کو زندہ گاڑ دیتے تھے۔ وہ نہیں گاڑتے تھے بلکہ جو شخص اپنی بیٹی مارنا چاہتا تھا، ان کو پتا لگ جاتا تو وہ اسے کہتے کہ اسے نہ مارو۔ اسے نہ مارو۔ مَیں اس کا خرچ اور خوراک تمہاری جگہ مہیا کروں گا۔ چنانچہ وہ اس کو لے لیتے۔ جب وہ جوان ہو جاتی تو اس کے باپ سے کہتے کہ اگر تم چاہو تو مَیں اسے تمہارے سپرد کیے دیتا ہوں اور اگر چاہو تو میں اس کے سب کام پورے کر دوں گا۔ (صحیح بخاری کتاب فضائل مناقب الانصار باب حدیث زَید بن عمر و بن نُفَیل حدیث 3828) یعنی شادی وغیرہ کے خرچے بھی پورے کر دوں گا۔ ایک دوسری روایت میں حضرت اسماء بنت ابوبکرؓ بیان کرتی ہیں، پہلی روایت بخاری کی تھی اور دوسری اسماءالرجال کی کتاب ’’اسد الغابہ‘‘ کی ہے۔ حضرت اسماء بنت ابوبکرؓ بیان کرتی ہیں میں نے زَید بن عَمْرو بن نُفَیل کو کعبہ سے پیٹھ لگائے ہوئے کھڑے دیکھا۔ وہ کہہ رہے تھے کہ اے قریش کے لوگو! اس ذات کی قسم! ! جس کے ہاتھ میں زَید کی جان ہے کہ میرے سِوا تم میں سے کسی نے بھی ابراہیمؑ کے دین پر صبح نہیں کی۔ وہ کہا کرتے تھے کہ اے اللہ ! کاش کہ مَیں تیری عبادت کا پسندیدہ طریق جانتا تو مَیں اسی طرح تیری عبادت کرتا لیکن میں اس سے واقف نہیں ہوں۔ پھر وہ اپنی ہتھیلی پر سجدہ کرتے۔ (اسد الغابہ جلد 2صفحہ 369 370-زید بن عَمْرو بن نُفَیل دارالکتب العلمیہ بیروت لبنان2003ء)
سعیدبن مُسَیِب سے مروی ہے کہ زَید بن عَمْرو کی وفات رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی بعثت سے پانچ سال قبل ہوئی۔ اس وقت قریش خانہ کعبہ کی تعمیر کر رہے تھے۔ جب وہ فوت ہوئے تو یہ کہہ رہے تھے کہ مَیں دینِ ابراہیمؑ پر ہوں۔ یہ ذکر تو حضرت سعید بن زیدؓ کا ہو رہا تھا۔ ان کے والد کا ذکر ضمناً آ گیا اور بیٹے کو بھی اسلام میں جو مقام ملا اور پھر باپ کی جو نیکیاں تھیں اس کی وجہ سے یہ بھی تاریخ میں محفوظ ہو گیا اور اس لیے مَیں نے یہاں بیان بھی کر دیا کیونکہ یہ روایتیں بخاری میں بھی ملتی ہیں۔ بہرحال اب حضرت سعید بن زیدؓ کا بقایا ذکر کرتا ہوں۔ ایک مرتبہ حضرت سعید بن زیدؓ اور حضرت عمر بن خطابؓ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئے اور آپؐ سے زَید بن عَمْرو کے متعلق دریافت کیا۔ یعنی حضرت سعیدؓ کے والد کے بارے میں تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اللہ زَید بن عَمْرو کی مغفرت کرے اور ان پر رحم کرے۔ ان کی موت دینِ ابراہیم پر ہوئی۔ اس کے بعد جب بھی مسلمان زَید بن عَمْرو کا ذکر کرتے تو ان کے لیے رحمت اور مغفرت کی دعا کرتے۔ (ماخوذ از روشن ستارے از غلام باری سیف جلد2صفحہ156-157) (الطبقات الکبریٰ جلد 3 صفحہ 291سعید بن زیدومن بنی عدی بن کعب بن لُؤَیٍّ۔ دارالکتب العلمیہ بیروت لبنان 1990ء)
ایک دوسری روایت میں ہے کہ جب آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم سے زَید بن عَمْرو کے متعلق پوچھا گیا تو آپؐ نے فرمایا وہ قیامت کے دن اکیلے ایک امّت کے برابر اٹھائے جائیں گے۔ (اسد الغابہ جلد 2صفحہ 368زید بن عَمْرو بن نُفَیل دارالکتب العلمیہ بیروت لبنان2003ء)
جیسا کہ پہلے ذکر ہو چکا ہے کہ حضرت سعید بن زَید حضرت عمر کے بہنوئی تھے اور حضرت سعید بن زَید کی ہمشیرہ عاتکہ بنت زَید حضرت عمرؓ کے عقد میں آئی تھیں۔ حضرت سعید بن زیدؓ اور ان کی بیوی حضرت فاطمہ بنت خطابؓ اوائل اسلام میں مسلمان ہو گئے تھے، شروع میں ہی مسلمان ہو گئے تھے۔ یہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے دارِ ارقم میں داخل ہونے سے پہلے ایمان لے آئے تھے اور حضرت سعیدؓ کی اہلیہ جیسا کہ پہلے بھی میں ذکر کر چکا ہوں حضرت عمرؓ کے اسلام لانے کا سبب بنی تھیں۔ (اسد الغابہ فی معرفۃ الصحابہ المجلد الثانی صفحہ 476سعید بن زیددارالکتب العلمیہ بیروت لبنان2003ء) (الطبقات الکبریٰ جلد 3 صفحہ 292 سعید بن زیدومن بنی عدی بن کعب بن لُؤَیٍّ۔ دارالکتب العلمیہ بیروت لبنان 1990ء)
حضرت مرزا بشیر احمد صاحبؓ نے سیرت خاتم النبیینؐ میں لکھا ہے کہ
حضرت حمزہؓ کو اسلام لائے ابھی صرف چند دن گذرے تھے کہ اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں کو ایک اور خوشی کا موقع دکھایا اور حضرت عمرؓ بھی جو اسلام کے اشد مخالف تھے وہ مسلمان ہوگئے۔ حضرت عمرؓ میں سختی کا مادہ تو پہلے ہی تھا۔ ان کی فطرت میں ہی تھا لیکن اسلام کی عداوت نے، دشمنی نے اسے اَور بھی زیادہ کر دیا تھا۔ چنانچہ اسلام سے قبل غریب اور کمزور مسلمانوں کو ان کے اسلام لانے کی وجہ سے بہت زیادہ تکلیف دیا کرتے تھے۔ ایک دن انہیں خیال آیا کہ ان کو تو میں تکلیفیں دیتا رہتا ہوں لیکن یہ لوگ تو (پھر بھی) باز نہیں آتےاور اپنے ایمان پر پکے ہیں تو کیوں نہ اس فتنہ کے بانی کو ختم کر دیا جائے۔ اس نیت سے گھر سے نکلے۔ ہاتھ میں ننگی تلوار تھی۔ راستہ میں ایک شخص ملا انہوں نے کہا عمر! بڑے غصہ میں ننگی تلوارلے کر کہاں جارہے ہو؟ انہوں نے کہا آج میں محمد (صلی اللہ علیہ وسلم) کا کام تمام کرنے جا رہا ہوں۔ تو اس نے کہا کہ پہلے اپنے گھر کی خبر تو لو۔ تمہاری بہن اور بہنوئی بھی مسلمان ہو چکے ہیں۔ اس پر حضرت عمرؓ نے فوراً اپنا رخ پلٹا اور اپنی بہن کے گھر کی طرف چلے گئے۔ جب گھر کے قریب پہنچے تو اندر سے قرآن کریم کی تلاوت کی آواز آ رہی تھی۔ خَباب بن اَرَتؓ بڑی خوش الحانی سے وہ پڑھ رہے تھے۔ یہ آواز سن کر حضرت عمرؓ کا غصہ اَور بڑھ گیا۔ جلدی سے ایک دم دروازہ کھول کر گھر میں داخل ہوئے۔ بہرحال اس آہٹ سے خبابؓ تو فوراً کہیں چھپ گئے۔ پردہ یا کسی جگہ کوئی چھپنے کی جگہ تھی اور فاطمہ نے جو اُن کی بہن تھیں انہوں نے فوری طور پر قرآن شریف کے اور اق بھی اِدھر اُدھر چھپا دیے۔ اس پر حضرت عمرؓ نے حضرت فاطمہؓ اور حضرت سعیدؓ سے کہا کہ سنا ہے تم لوگ اپنے دین سے پِھر گئے ہو؟ اور یہ کہہ کے مارنے کے لیے اپنے بہنوئی سعید بن زیدؓ سے لپٹ گئے۔ فاطمہ اپنے خاوند کو بچانے کے لیے بیچ میں آ گئیں لیکن اس وقت حضرت عمرؓ کا حملہ ایسا تھا کہ حضرت فاطمہؓ بھی اس کی زد میں آ گئیں اور زخمی بھی ہو گئیں۔ بہرحال زخمی ہونے کے بعد فاطمہ کی جرأت بڑھی۔ انہوں نے بڑے جوش سے کہا کہ ہاں عمر ہم مسلمان ہو گئے ہیں۔ جو تمہارے سے ہو سکتا ہے کر لو لیکن ہم اسلام کو نہیں چھوڑیں گے۔ بہرحال بہن کا یہ جرأت مندانہ اور دلیرانہ کلام سنا، یہ بات سنی تو آنکھ اٹھا کر اوپر دیکھا۔ اور جب حضرت عمرؓ نے دیکھا کہ بہن بھی خون و خون ہوئی ہوئی ہے۔ اُس کو بھی ایسی چوٹ لگی تھی کہ چہرے سے خون بہ رہا تھا۔ اس نظارے کا حضرت عمرؓ کی طبیعت پر بڑا اثر ہوا اور فوراً انہوں نے کہا اچھا مجھے اپنا وہ کلام تو دکھاؤ جو تم لوگ پڑھ رہے تھے۔ فاطمہؓ نے کہا اس طرح نہیں۔ کیونکہ تم ان اور اق کو ضائع کر دو گے۔ عمرؓ نے جواب دیا کہ نہیں۔ نہیں کرتا۔ واپس کر دوں گا۔ تو اس پر حضرت فاطمہؓ نے کہا پھر بھی اس طرح نہیں دکھایا جا سکتا۔ پہلے تم جا کے غسل کر لو، پھر دیکھنا۔ چنانچہ جب غسل کر کے فارغ ہوئے تو حضرت فاطمہؓ نے قرآن کریم کے اور اق نکال کر ان کے سامنے رکھ دیے۔ انہوں نے اٹھا کر دیکھا تو سورۃ طٰہٰ کی یہ ابتدائی آیات تھیں اور حضرت عمرؓ بڑے مرعوب دل کے ساتھ انہیں پڑھنے لگے۔ فطرت سعید تھی اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی دعا بھی تھی۔ جب پڑھنا شروع کیا تو ہر ہر لفظ ان کے دل میں اترتا گیا اور پڑھتے پڑھتے جب اس آیت پر پہنچے، یہ دو آیات ہیں کہ إِنَّنِیْٓ أَنَا اللّٰہُ لَآ إِلٰہَ إِلَّآ أَنَا فَاعْبُدْنِیْ وَأَقِمِ الصَّلٰوۃَ لِذِکْرِیْ۔ إِنَّ السَّاعَۃَ آتِیَۃٌ أَکَادُ أُخْفِیْہَا لِتُجْزٰی کُلُّ نَفْسٍ بِمَا تَسْعٰى (طٰہٰ: 15-16)یعنی مَیں ہی اس دنیا کا واحد خالق و مالک ہوں۔ میرے سوا اَور کوئی قابل پرستش نہیں۔ پس تمہیں چاہیے کہ صرف میری ہی عبادت کرو اور میری ہی یاد کے لیے اپنی دعاؤں کو وقف کر دو۔ دیکھو موعود گھڑی جلد آنے والی ہے مگر ہم اس کے وقت کو مخفی رکھے ہوئے ہیں تاکہ ہر شخص اپنے کیے کا سچا بدلہ پاسکے۔
جب حضرت عمرؓ نے یہ آیت پڑھی تو گویا ان کی آنکھ کھل گئی اور بے اختیار ہو کے بولے۔ کیسا عجیب کلام ہے؟ کیسا پاک کلام ہے؟ خَبَابؓ نے جب یہ الفاظ سنے، وہ چھپے ہوئے تھے تو فوراً باہر نکل آئے اور خدا کا شکر ادا کیا اور پھر انہوں نے کہا کہ یہ جو تبدیلی پیدا ہوئی ہے یہ رسول اللہؐ کی دعا کا نتیجہ ہے کیونکہ خدا کی قسم ! ابھی کل ہی مَیں نے آپؐ کو یہ دعا کرتے سنا تھا کہ یا اللہ !تُو عمر ابن الخطاب یا عَمْرو بن ہشام یعنی ابوجَہل میں سے کوئی ایک ضرور اسلام کو عطا کر دے۔ بہرحال حضرت عمرؓ نے اس بات پر حضرت خَبَابؓ سے کہاکہ مجھے ابھی آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا پتہ بتاؤ۔ کہاں ہیں وہ؟ اور تلوار بھی انہوں نے نیام میں نہیں ڈالی ہوئی تھی۔ اسی طرح کھینچی ہوئی تھی۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم اس زمانے میں دارِ ارقم میں ہوتے تھے۔ چنانچہ خَبَابؓ نے انہیں وہاں کا پتہ بتا دیا۔ حضرت عمر وہاں گئے۔ دروازے پر پہنچ کے زور سے دستک دی۔ صحابہؓ نے دروازے کی دراڑ سے دیکھا تو دیکھا کہ حضرت عمرؓ ننگی تلوار لیے کھڑے ہیں اور یہ دیکھ کر دروازہ کھولنے میں تأمل کیا۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ دروازہ کھول دو۔ حضرت حمزہؓ نے بھی کہا (حضرت حمزہؓ بھی وہاں موجود تھے) کہ دروازہ کھول دو۔ اگر تو نیک ارادےسے آیا ہے تو بہتر ہے ورنہ اگر بد ارادہ ہوا تو اسی کی تلوار سے اس کا سر اڑا دوں گا۔ دروازہ کھولا گیا۔ حضرت عمرؓ ننگی تلوار لیے اندر داخل ہوئے۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت عمرؓ کا پلو پکڑ کے کھینچا اور فرمایا عمر کس ارادے سے آئے ہو؟ انہوں نے عرض کیا یا رسول اللہؐ ! مَیں مسلمان ہونے آیا ہوں۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ الفاظ سنے تو خوشی سے اللہ اکبر! کہا اور یہ لکھا ہے کہ ساتھ ہی صحابہؓ نے اس زور سے اللہ اکبر کا نعرہ بلند کیا کہ مکہ کی پہاڑیاں بھی گونج اٹھیں۔ (ماخوذ از سیرت خاتم النبیینؐ صفحہ157تا159)
تو یہ حضرت سعیدؓ تھے جو حضرت عمرؓ کے بھی اسلام لانے کا ذریعہ بنے۔ حضرت سعید بن زیدؓ اولین مہاجرین میں سے تھے۔ مدینہ پہنچ کر حضرت رِفَاعَہ بن عَبدُالمُنْذِر کے ہاں ٹھہرے جو حضرت اَبُولُبَابَہ کے بھائی تھے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کی مؤاخات حضرت رَافِع بن مالکؓ سے جبکہ ایک روایت کے مطابق حضرت اُبَی بن کَعبؓ سے کروائی۔ حضرت سعید بن زیدؓ غزوۂ بدر میں شامل نہیں ہو سکے تھے۔ تاہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں مالِ غنیمت میں سے حصہ دیا تھا۔ (اسد الغابہ فی معرفۃ الصحابہ المجلد الثانی صفحہ 476سعید بن زیددارالکتب العلمیہ بیروت لبنان2003ء) (الطبقات الکبریٰ جلد 3 صفحہ 292 سعید بن زیدومن بنی عدی بن کعب بن لُؤَیٍّ۔ دارالکتب العلمیہ بیروت لبنان 1990ء)۔ اور اسی وجہ سے ان سب صحابہؓ کو جن کو کسی نہ کسی صورت میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے شامل فرمایا یا آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے ارشاد کے مطابق ان کو کسی رنگ میں بھی حصہ دے کر شامل فرمایا گیا ان کو بدری صحابہؓ میں شمار کیا جا رہا ہے۔
ان کی جنگ بدر میں نہ شامل ہونے کی وجہ حضرت طلحہ بن عُبَیْدُاللّٰہؓ کے ذکر میں بیان ہو چکی ہے تاہم یہاں بھی بیان کرنا ضروری ہے اس لیے بیان کر دیتا ہوں۔ ویسے بھی اس کو دو تین مہینے گزر گئے ہیں اور یہاں بیان کرنا ضروری بھی ہے۔
بہرحال حضرت سعید بن زیدؓ کی جنگِ بدر میں شریک نہ ہونے کی جو وجہ بیان کی گئی ہے یہ ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے قریش کے ایک قافلےکی شام سے روانگی کا اندازہ فرمایا تو آپؐ نے مدینے سے اپنی روانگی سے دس روز پہلے حضرت طلحہ بن عُبَیْدُاللّٰہؓ اور حضرت سعید بن زَیدؓ کو قافلے کی خبر رسانی کے لیے بھیجا۔ یہ دونوں حَوراء پہنچے۔ یہ وہاں ایک جگہ ہے۔ وہیں ٹھہرے رہے یہاں تک کہ قافلہ ان کے پاس سے گزرا۔ حَوْرَاء بحیرۂ احمر پر واقع ایک پڑاؤ ہے جہاں سے حجاز اور شام کے درمیان چلنے والے قافلے گذرتے تھے۔ بہرحال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو حضرت طلحہؓ اور حضرت سعیدؓ کے واپس آنے سے پہلے ہی یہ خبر معلوم ہو گئی کہ وہ قافلہ تو وہاں سے گذر کے چلا گیا ہے۔ اب اس طرف آنے کا ارادہ نہیں ہے۔ اس وقت وہ قافلہ ادھر آنے کی بجائے جب گذر گیا تو ابھی صحیح حالات کی خبر تو نہیں تھی لیکن یہ بہرحال آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو خبر پہنچ گئی کہ قافلہ وہاں سے گذر گیا ہے۔ اس پر آپؐ نے صحابہ کو بلایا اور قریش کے قافلے کے قصد سے روانہ ہوئے مگر قافلہ ساحل کے ساتھ راستے سے تیزی سے نکل گیا اور تلاش کرنے والوں سے بچنے کے لیے دن رات چلتا رہا۔ قافلے والوں نے بھی اپنا راستہ بدل لیا تو ادھر ٹکراؤ نہیں ہوا۔ جس راستے سے ان کے آنے کی توقع تھی وہاں سے نہیں گزرا بلکہ ایک چکر کاٹ کے ساحل کی طرف چلا گیا۔ اس کے بعد حضرت طلحہ بن عُبَیداللہؓ اور حضرت سعید بن زیدؓ مدینہ کے لیے روانہ ہوئے تاکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو قافلے کی خبر دیں۔ ان دونوں کو آپؐ کی غزوۂ بدر کے لیے روانگی کا علم نہیں تھا۔ یہ مدینہ اس دن پہنچے جس دن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے بدر میں قریش کے لشکر سے مقابلہ کیا تھا۔ یہ دونوں بھی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہونے کے لیے مدینہ سے روانہ ہوئے اور آپؐ کی بدر سے واپسی پر تُرْبَان میں ملے۔ تُرْبَان مدینہ سے انیس میل کے فاصلے پر ایک وادی ہے جس میں کثرت سے میٹھے پانی کے کنویں ہیں۔ غزوۂ بدر کے لیے جاتے ہوئے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہاں قیام فرمایا تھا۔ یہ تجارتی قافلہ دوسرا تھا جو ادھر سے نکل گیا لیکن مکّے سے حملہ کرنے کے لیےجو ایک فوج آئی تھی وہ دوسری تھی جن کی بدر کے مقام پر مڈھ بھیڑ ہوئی لیکن بہرحال آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم اس لیے نکلے تھے کہ اس قافلے کو دیکھیں کہ ان کی نیت کیا ہے۔ یہ نہیں پتا تھا کہ ایک فوج بھی آ رہی ہے۔ بہرحال آگے ذکر یہ ہے کہ حضرت طلحہؓ اور حضرت سعیدؓ جنگ میں شامل نہ ہوئے مگر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے بدر کے مالِ غنیمت میں سے ان کو حصہ عطا فرمایا اور یہ دونوں بدر میں شاملین ہی قرار دیے گئے۔ (الطبقات الکبریٰ جلد 3 صفحہ 292-293 سعید بن زیدومن بنی عدی بن کعب بن لُؤَیٍّ۔ دارالکتب العلمیہ بیروت 1990ء) (السیرۃ النبویۃ علیٰ ضوء القرآن والسنۃ جلد 2 صفحہ 123) (فرہنگ سیرت صفحہ75 زوار اکیڈیمی کراچی 2003ء)
حضرت سعید بن زَیدؓ عشرہ مبشرہ یعنی ان دس خوش نصیب صحابہؓ میں سے ہیں جنہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی زبان مبارک سے اسی دنیا میں جنت کی خوشخبری ملی۔ حضرت عبدالرحمٰن بن عوفؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول خدا صلی اللہ علیہ وسلم نے ابوبکرؓ، عمرؓ، عثمانؓ، علیؓ، طلحہؓ، زبیرؓ، عبدالرحمٰن بن عوفؓ، سعد بن ابی وقاصؓ، سعید بن زیدؓ اور ابو عُبَیدہ بن الْجَرَّاحؓ میں سے ایک ایک کا نام لے کر فرمایا کہ یہ جنتی ہیں۔ (ماخوذ از روشن ستارے از غلام باری سیف جلد 2 صفحہ155)
حضرت سعید بن زیدؓ بیان کرتے ہیں کہ میں نو لوگوں کے بارے میں اس بات کی گواہی دیتا ہوں کہ وہ جنتی ہیں اور اگر میں دسویں کے بارے میں بھی یہی کہوں، گواہی دوں تو گناہ گار نہیں ہوں گا۔ کہا گیا وہ کیسے؟ تو انہوں نے کہا کہ ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ حراء پہاڑ پر تھے تو وہ ہلنے لگا۔ اس پر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ٹھہرا رہ اے حِرَاء! یقیناً تجھ پر ایک نبی یا صدیق یا شہید ہے۔ کسی نے پوچھا وہ دس جنتی لوگ کون ہیں؟ حضرت سعید بن زیدؓ نے کہا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم، ابوبکرؓ، عمرؓ، عثمانؓ، علیؓ، طلحہؓ، زبیرؓ، سعدؓ اور عبدالرحمٰن بن عوفؓ ہیں۔ اور کہاگیا کہ دسواں کون ہے تو حضرت سعید بن زیدؓ نے کہا وہ میں۔ (سنن الترمذی ابواب المناقب باب مناقب ابی الاعور وا سمہ سعید بن زَید حدیث 3757) (اسد الغابہ فی معرفۃ الصحابہ المجلد الثانی صفحہ 478 سعید بن زَید دار الکتب العلمیۃ بیروت 2016)
سعید بن جُبَیر بیان کرتے ہیں کہ حضرت ابوبکرؓ، حضرت عمرؓ، حضرت عثمانؓ، حضرت علیؓ، حضرت طلحہؓ، حضرت زبیرؓ، حضرت سعدؓ، حضرت عبدالرحمٰنؓ اور حضرت سعیدبن زیدؓ میدانِ جنگ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے آگے ہوتے یعنی آپؐ کا دفاع کرتے اور نماز میں آپؐ کے پیچھے کھڑے ہوتے۔ (اسد الغابہ فی معرفۃ الصحابہ المجلد الثانی صفحہ 478سعید بن زیددارالکتب العلمیۃ)
حکیم بن محمد اپنے والد سے روایت کرتے ہیں کہ انہوں نے حضرت سعید بن زیدؓ کی انگوٹھی میں قرآن کریم کی آیت لکھی ہوئی دیکھی۔ (الطبقات الکبریٰ جلد 3 صفحہ 294 سعید بن زیدومن بنی عدی بن کعب بن لُؤَیٍّ۔ دارالکتب العلمیہ بیروت لبنان 1990ء)
حضرت عمرؓ کے دورِ خلافت میں شام کے معرکے میں جب باقاعدہ فوج کشی ہوئی تو حضرت سعید بن زیدؓ حضرت ابوعبیدہؓ کے ماتحت پیدل فوج کی افسری پر متعین ہوئے۔ دمشق کے محاصرے اور یرموک کی فیصلہ کن جنگ میں نمایاں شجاعت اور جانبازی کے ساتھ شریک رہے۔ جنگ کے دوران حضرت سعید بن زَیدؓ کو دمشق کی گورنری پر مامور کیا گیا لیکن انہوں نے حضرت ابوعبیدہؓ کو لکھا کہ میں ایسا نہیں کر سکتا کہ آپ لوگ جہاد کریں اور مَیں اس سے محروم رہوں۔ اس لیے خط پہنچتے ہی میری جگہ پر کسی اَور کو بھیج دیں اور مَیں جلد سے جلد آپ کے پاس پہنچتا ہوں۔ چنانچہ حضرت ابوعبیدہؓ نے مجبوراً یزید بن ابوسفیان کو بھجوا دیا اور حضرت سعید بن زیدؓ دوبارہ جنگ میں شامل ہو گئے۔ (ماخوذ از روشن ستارے از غلام باری سیف جلد 2 صفحہ164) (ماخوذ از سیر الصحابہ جلد 2ص 138 حضرت سعید بن زیدؓ مطبوعہ داراشاعت)
حضرت سعید بن زیدؓ کے سامنے بہت سے انقلابات برپا ہوئے، بیسیوں خانہ جنگیاں پیش آئیں اور گو وہ اپنے زہد و اتقاء کے باعث ان جھگڑوں سے ہمیشہ کنارہ کش رہے تاہم جس کی نسبت جو رائے رکھتے تھے اس کو آزادی کے ساتھ ظاہر کرنے میں تأمل بھی نہیں کرتے تھے۔ حضرت عثمانؓ شہید ہوئے تو وہ عموماً کوفہ کی مسجد میں فرمایا کرتے تھے کہ تم لوگوں نے عثمانؓ کے ساتھ جو سلوک کیااس سے اگر احد پہاڑ متزلزل ہو جائے تو کچھ عجب نہیں۔ (ماخوذ از سیرالصحابہ جلد دوم صفحہ 139)
اسی طرح ایک روز کوفہ کی جامع مسجد میں مُغِیرہ بن شُعْبَہ نے حضرت علیؓ کی شان میں برا بھلا کہا تو حضرت سعید بن زیدؓ نے فرمایا اے مغیرہ بن شعب! اے مغیرہ بن شعب! اے مغیرہ بن شعب! میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ فرماتے ہوئے سنا ہے کہ یہ دس جنت میں ہوں گے اور ان میں سے ایک حضرت علیؓ بھی تھے۔ (ماخوذاز روشن ستارے از غلام باری سیف جلد 2 صفحہ165)
حضرت سعید بن زَیدؓ مستجاب الدعوات تھے۔ ایک مرتبہ ان پر زمین پر قبضہ کرنے کا الزام لگایا گیا جس کی تفصیل اس طرح ہے کہ حضرت سعید بن زیدؓ کی زمین کے ساتھ ملحقہ زمین ایک خاتون اَرْوٰی بنت اُوَیْس کی تھی۔ اس نے حضرت معاویہؓ کی طرف سے مقرر کردہ مدینہ پر گورنر مَرْوَان بن حکَم کے پاس شکایت کی کہ سعیدنے ظلم سے میری زمین پر قبضہ کر لیا ہے۔ مَرْوَان نے تحقیق کے لیے آدمی مقرر کیے تو حضرت سعیدنے انہیں جواب دیا کہ تمہارا کیا خیال ہے کہ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے یہ سننے کے بعد ظلم کر سکتا ہوں کہ جو ظلم کی راہ سے ایک بالشت زمین بھی غصب کرے گا قیامت کے دن ساتوں زمینیں اس کے گلے کا طوق ہوں گی۔ اس کے بعد انہوں نے کہا اے خدا! اگر اَرْوٰی جھوٹ بولتی ہے تو اس کو اس وقت تک موت نہ دے جب تک اس کی نظر نہ جاتی رہے اور اس کی قبر اس کے گھر کا کنواں نہ بنے۔ چنانچہ لکھا ہے کہ اَرْوٰی پہلے بصارت کی نعمت سے محروم ہوئی۔ پھر ایک روز چلتے ہوئے اپنے ہی گھر کے کنویں میں گر کر مر گئی۔ اس کے بعد یہ محاورہ بن گیا اور اہل مدینہ یہ کہنے لگے کہ أَعْمَاکَ اللّٰہُ کَمَا أَعْمٰی اَرْوٰی کہ اللہ تجھے اسی طرح اندھا کرے جس طرح اس نے اَرْوٰی کو اندھا کیا تھا۔ (اسد الغابہ فی معرفۃ الصحابہ المجلد الثانی صفحہ 477سعید بن زَید دارالکتب العلمیہ بیروت لبنان2003ء) (ماخوذ از روشن ستارے از غلام باری سیف جلد 2 صفحہ164-165)
حضرت سعید بن زیدؓ نے پچاس یا اکاون ہجری میں تقریباً ستّر برس کی عمر میں جمعے کے دن وفات پائی۔ بعض روایات کے مطابق وفات کے وقت ان کی عمر ستّر سال سے متجاوز تھی، زیادہ تھی۔ نواح مدینہ میں بمقام عَقِیْق ان کا مستقل مسکن تھا اور عقیق!! جزیرۂ عرب میں اس نام کی کئی وادیاں ہیں۔ ان میں سب سے اہم مدینہ کی وادی عقیق ہے جو مدینے کے جنوب مغرب سے شمال مشرق تک پھیلی ہوئی ہے اور اس میں مدینہ منورہ کی ساری وادیاں آ کر شامل ہو جاتی ہیں۔ بہرحال حضرت عبداللہ بن عمرؓ جمعہ کی تیاری کر رہے تھے۔ جب انہوں نے حضرت سعید کی وفات کی خبر سنی تو وہ جمعہ پر نہیں گئے بلکہ اسی وقت عقیق کی طرف روانہ ہو گئے۔ حضرت سعد بن ابی وَقاصؓ نے غسل دیا اور ان کی نعش مبارک لوگ کندھوں پر رکھ کر مدینہ لائے۔ پھر حضرت عبداللہ بن عمرؓ نے نماز جنازہ پڑھائی اور مدینہ میں ان کی تدفین ہوئی۔ (اسد الغابہ فی معرفۃ الصحابہ المجلد الثانی صفحہ 478سعید بن زَید دارالکتب العلمیہ بیروت لبنان2003ء) (ماخوذ از سیر الصحابہ جلد دوم صفحہ 138 حضرت سعید بن زیدؓ مطبوعہ دار اشاعت کراچی) (فرہنگ سیرت، صفحہ204 زوار اکیڈیمی کراچی 2003ء)
ایک دوسری روایت کے مطابق حضرت عبداللہ بن عمرؓ نے حضرت سعید بن زیدؓ کی وفات کی خبر سنی تو وہ جمعہ پر جانے کی تیاری کر رہے تھے لیکن وہ جمعہ پر نہ گئے اور ان کی طرف گئے اور انہیں غسل دیا، خوشبو لگائی اور ان کی نماز جنازہ پڑھائی جبکہ عائشہ بنت سعد بیان کرتی ہیں کہ حضرت سعید بن زَیدؓ کو حضرت سعد بن ابی وقاصؓ نے غسل دیا اور خوشبو لگائی پھر گھر آئے اور خود بھی غسل کیا۔ پھر جب گھر سے باہر نکلے تو کہا کہ حضرت سعید بن زَیدؓ کو غسل دینے کی وجہ سے غسل نہیں کیا بلکہ گرمی کی وجہ سے میں نے غسل کیا ہے۔ حضرت سعید بن زیدؓ کی نماز جنازہ حضرت عبداللہ بن عمرؓ نے پڑھائی۔ حضرت سعد بن ابی وقاصؓ اور عبداللہ بن عمرؓ دونوں قبر میں اترے یعنی نعش کو لحد کے اندر رکھنے کے لیے لحد میں آئے۔ (اسد الغابہ فی معرفۃ الصحابہ المجلد الثانی صفحہ 478سعید بن زیددارالکتب العلمیہ بیروت لبنان2003ء) (ماخوذ از سیر الصحابہ جلد دوم صفحہ 138حضرت سعید بن زیدؓ مطبوعہ دار اشاعت کراچی)
حضرت سعید بن زیدؓ نے مختلف اوقات میں دس شادیاں کیں اور ان بیویوں سے تیرہ لڑکے اور انّیس لڑکیاں ان کی پیدا ہوئیں۔ (الطبقات الکبریٰ جلد 3 صفحہ 292 سعید بن زیدومن بنی عدی بن کعب بن لُؤَیٍّ۔ دارالکتب العلمیہ بیروت لبنان 1990ء) (ماخوذ از سیر الصحابہ جلد دوم صفحہ 140 حضرت سعید بن زیدؓ مطبوعہ دار اشاعت کراچی)