حضرت ضَمْرَہ بن عَمْرو جُہَنِیؓ
حضرت ضَمْرَہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے والد کا نام عَمْروبِن عَدِی تھا اور بعض آپؓ کے والد کا نام بِشْر بھی بیان کرتے ہیں۔ آپؓ قبیلہ بنو طَرِیف کے حلیف تھے جبکہ بعض کے نزدیک قبیلہ بنو ساعدہ کے حلیف تھے جو کہ حضرت سَعْد بن عُبَادَہ کا قبیلہ تھا۔ حلیف یعنی ان کا آپس میں ایک معاہدہ تھا کہ جب بھی کسی کو ضرورت پڑے گی ایک دوسرے کی مدد کی تو ایک دوسرے کی مدد کریں گے۔ علامہ ابن اَثِیْر اسد الغابہ میں تحریر کرتے ہیں کہ یہ کوئی اختلاف نہیں ہے کیونکہ بنو طَرِیف بنو سَاعِدہ کی ہی ایک شاخ ہے۔ حضرت ضَمْرَہ غزوۂ بدر اور غزوۂ احد میں شریک ہوئے غزوۂ احد میں آپؓ شہید ہوئے۔ (اسد الغابہ جلد 3 صفحہ 60-61 ضمرہ بن عمرو الجہنی۔ دار الکتب العلمیہ بیروت 2003ء)