حضرت طُفَیْل بن نُعْمَانؓ

خطبہ جمعہ یکم مارچ 2019ء

حضرت  طُفَیْل کا تعلق انصار کے قبیلہ خزرج سے تھا۔ آپؓ کی والدہ خَنْسَاء بنت رِئَاب تھیں جو کہ حضرت جابر بن عبداللہؓ کی پھوپھی تھیں۔ حضرت طفیلؓ کی ایک بیٹی تھیں جن کا نام رُبَیِّع تھا۔ آپؓ بیعتِ عَقَبہ اور غزوۂ بدر میں شامل ہوئے۔ حضرت طفیلؓ نے غزوۂ احد میں بھی شرکت کی اور اس روز آپؓ کو تیرہ زخم آئے تھے۔ حضرت طفیل بن نعمانؓ غزوۂ خندق میں بھی شامل ہوئے اور اسی غزوۂ میں شہادت کا رتبہ بھی حاصل کیا۔ وَحْشِی بن حَرْب نے آپؓ کو شہید کیا تھا۔ بعد میں وحشی آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم پر ایمان لے آیا تھا۔ وحشی کہا کرتا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے حضرت حمزہؓ کو اور حضرت طفیل بن نعمانؓ کو میرے ہاتھوں سے عزت بخشی لیکن مجھے ان کے ہاتھوں سے ذلیل نہیں کیا یعنی میں کفر کی حالت میں قتل نہیں کیا گیا۔ (الطبقات الکبریٰ جلد 3صفحہ 431 الطفیل بن النعمان مطبوعہ دار الکتب العلمیہ بیروت 1990ء) (اسد الغابہ جلد 3صفحہ 79-80 طفیل بن مالک، طفیل بن النعمان مطبوعہ دار الکتب العلمیہ بیروت 2003ء)