حضرت عمرو بن ثعلبہ انصاریؓ
حضرت عمرو بن ثعلبه انصاری صحابی ہیں۔ ان کا تعلق انصار کے قبیلہ بنو عدی سے تھا۔ اپنی کنیت سے زیادہ مشہور تھے۔ آپ غزوہ بدر اور احد میں شریک ہوئے۔ حضرت عمرو بن ثعلبہ بیان کرتے ہیں کہ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سیالہ مقام پر ملا اور یہاں پر اسلام قبول کیا اور آپ نے میرے سر پر ہاتھ پھیرا۔ وضّاح بن سلمہ ایک صحابی ہیں وہ اپنے والد سے روایت کرتے ہیں کہ سو سال کی عمر میں بھی حضرت عمرو بن ثعلبہ کے سر پر جس جگہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ہاتھ پھیرا تھا وہاں بال سفید نہ ہوئے تھے۔ (اسد الغابۃ فی معرفۃ الصحابۃ جلد3 صفحہ700 عمرو بن ثعلبۃ الانصاری، دار الفکر بیروت2003ء)(الاستیعاب فی معرفۃ الاصحاب جلد3 صفحہ253 عمرو بن ثعلبۃ بن النجار، دار الکتب العلمیۃ بیروت2002ء)