حضرت عُبَیْد بن تَیِّھانؓ
حضرت عُبَیْد بن تَیِّھان کا نام عَتِیْک بن تَیِّھان بھی بیان کیا جاتا ہے۔ ان کی والدہ کا نام لیلیٰ بنت عَتِیک تھا۔ آپؓ حضرت اَبُوالْھَیْثَم بن تَیِّھان کے بھائی تھے اور آپؓ بنو عبدالْاَشْھَل کے حلیفوں میں سے تھے۔ حضرت عُبَیْدؓ ستّر انصار کے ساتھ بیعتِ عَقَبہ میں شامل ہوئے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے آپؓ کے اور حضرت مَسْعُود بن رَبِیْع کے مابین مؤاخات قائم فرمائی۔ آپؓ اپنے بھائی حضرت اَبُوالْہَیْثَم کے ساتھ غزوۂ بدر میں شامل ہوئے اور آپؓ نے غزوۂ احد میں شہادت پائی۔ آپ کو عِکْرِمَہ بن ابوجہل نے شہید کیا۔ یہ بھی کہا جاتا ہے کہ آپؓ جنگ صِفِّین میں حضرت علیؓ کی طرف سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے۔ اس پہ ذرا اختلاف ہے لیکن بہرحال دونوں روایتوں میں ایک مشترک بات ہے کہ آپؓ شہید ہوئے۔ آپؓ کی اولاد میں دو بیٹوں حضرت عُبَیْد اللہؓ اور حضرت عَبَّادؓ کا ذکر ملتا ہے۔ طبری کے قول کے مطابق حضرت عَبَّادؓ نے بھی غزوۂ بدر میں شرکت کی سعادت پائی جبکہ حضرت عُبَیْد اللہؓ کے بارے میں بیان کیا جاتا ہے کہ وہ جنگ یَمَامہ میں شہید ہوئے۔ (الطبقات الکبریٰ جلد3 صفحہ342-343 ابو الھیثم بن التیھان، عبید بن التیھان۔ دار الکتب العلمیۃ بیروت1990ء)(اسد الغابۃ جلد3 صفحہ153 عباد بن عبید، صفحہ521 عبید اللہ بن عبید بن التیھان، صفحہ529 عبید بن التیھان۔ دار الکتب العمیۃ بیروت2003ء)