حضرت مَعْمَر بن حارِثؓ

خطبہ جمعہ 26؍ جولائی 2019ء

حضرت مَعْمَر بن حارِثؓ کا تعلق قبیلہ قریش کے خاندان بنو جُمَحّ سے تھا۔ ان کے والد کا نام حارِث بن مَعْمَر تھا اور والدہ کا نام قَتِیْلہ بنت مَظْعُون تھا جو حضرت عثمان بن مظعونؓ کی بہن تھیں۔ یوں حضرت عثمان بن مظعونؓ حضرت مَعْمَرؓ کے ماموں تھے۔ حضرت معمرؓ کے دو اَور بھائی تھے جن کے نام حَاطِبْؓ اور حَطَّابؓ تھے۔ یہ تینوں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے دارِ ارقم میں داخل ہونے سے قبل اسلام قبول کر چکے تھے۔ حضرت معمرؓ کا شمار اَلسَّابِقُوْنَ الْاَوَّلُوْنَ میں ہوتا ہے۔ (اسد الغابہ فی معرفة الصحابہ المجلد الخامس صفحہ 226 معمر بن الحارث دارالکتب العلمیہ بیروت لبنان2008ء)(سیر اعلام النبلاء لامام محمد بن احمد الذھبی جلد 1 صفحہ 144، الرسالة العالمیة 2014)

حضرت عائشہؓ بنت قُدَامہ سے روایت ہے کہ بنو مَظْعُون میں سے حضرت عثمانؓ، حضرت قُدَامَہؓ، حضرت عبداللہؓ اور حضرت سَائِبؓ بن عثمان بن مظعون اور حضرت مَعْمَر بن حارِثؓ مکہ سے ہجرت کر کے مدینہ آئے تو حضرت عبداللہ بن سَلَمہؓ عَجْلَانِی کے گھر ٹھہرے تھے۔ (الطبقات الکبریٰ لابن سعد الجزء الثالث صفحہ 302 عثمان بن مظعون، دارالکتب العلمیة بیروت لبنان 1990ء)

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت معمرؓ کی مؤاخات حضرت مُعَاذ بن عَفْراءؓ کے ساتھ کروائی تھی۔ حضرت مَعْمَر بن حارِثؓ غزوۂ بدر، اُحد، خندق سمیت تمام غزوات میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ شریک ہوئے تھے۔ حضرت مَعْمَر بن حارِثؓ کی وفات حضرت عمرؓ کے دورِ خلافت میں 23؍ ہجری میں ہوئی تھی۔ (الطبقات الکبریٰ لابن سعد الجزء الثالث صفحہ 307 معمر بن الحارث، دارالکتب العلمیة بیروت لبنان 1990ء) (البدایۃ و النھایۃ لابن کثیر جلد 7 صفحہ 139، ذِكْرُ مَنْ تُوُفِّيَ فِي خِلَافَةِ عُمَرَ بْنِ الْخَطَّابِ، دار الکتب العلمیة بیروت 2001ء)