حضرت مُحْرِز بن عامر بن مالکؓ

خطبہ جمعہ 12؍ اکتوبر 2018ء

پھر حضرت مُحْرِز بن عامر بن مالک ہیں ۔ ان کی وفات غزوہ احد کے لئے نکلنے والی صبح کے وقت ہوئی۔ ان کا پورا ناممُحْرِز بن عامر تھا۔ ان کا تعلق بنو عدی بن نجار سے تھا۔ ان کی والدہ کا نام سُعْدٰی بنت خیثمہ بن حارث تھا اور ان کا تعلق اَوس قبیلہ سے تھا۔ ان کی والدہ حضرت سعد رضی اللہ تعالیٰ عنہ بن خیثمہ کی ہمشیرہ تھیں ۔ ان کے بارے میں لکھا ہے کہ ام سھل بنت ابی خارجہ سے آپ کی اولاد اسماء اور کَلْثم تھیں ۔ آپ نے غزوہ بدر میں شرکت کی۔ جس دن حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے غزوہ احد کے لئے نکلنا تھا اس دن صبح کے وقت ان کی وفات ہو گئی تھی۔ ان کا شمار ان لوگوں میں کیا گیا ہے جو غزوہ احد میں شامل ہوئے تھے۔(الطبقات الکبریٰ لابن سعد جلد3 صفحہ388 محرز بن عامر، دار الکتب العلمیۃ بیروت 1990ء)کیونکہ شامل ہونے کی نیت تھی اس لئے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کو شامل ہونے والوں میں شمار فرمایا۔