حضرت مُعَتِّب بن عوف

خطبہ جمعہ 12؍ اکتوبر 2018ء

حضرت مُعَتِّب بن عوف کا تعلق قبیلہ بنو خُزاعہ سے ہے۔ یہ بنو مَخزوم کے حلیف تھے۔ آپ کو مُعَتِّب بن الحمراء بھی کہا جاتا ہے۔ آپ کی کنیت ابو عوف ہے۔ حضرت مُعَتِّب بن عوف دوسری ہجرت حبشہ میں شامل تھے۔ جب حضرت مُعَتِّب بن عوف نے مکہ سے مدینہ ہجرت کی تو آپ حضرت مبشر بن عبدالمنذر کے ہاں ٹھہرے۔ مؤاخات مدینہ کے وقت آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت ثعلبہ بن حاطب انصاری کے ساتھ آپ کی مؤاخات کروائی تھی۔ حضرت مُعَتِّب بن عوف غزوہ بدر، احد، خندق سمیت تمام غزوات میں آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم کے ہمراہ شامل ہوئے۔ حضرت مُعَتِّب بن عوف کی وفات 57ہجری میں بعمر 78 سال ہوئی۔ (الطبقات الکبریٰ لابن سعد جلد1 صفحہ141، معتب بن عوف، دار احیاء التراث العربی بیروت1996ء)