حضرت نُعمان بن عَصَرؓ
حضرت نعمانؓ کا تعلق انصار کے قبیلہ بَلِیّ سے تھا اور قبیلہ بنو مُعَاویہ کے حلیف تھے۔ انہیں لَقِیط بِن عَصَر بھی کہا جاتا تھا۔ اسی طرح انہیں نُعمان بَلَوِیّ کے نام سے بھی ذکر کیا جاتا ہے۔ حضرت نُعمان بن عَصَرؓ بیعتِ عَقَبہ اور غزوۂ بدر اور اسی طرح باقی تمام غزوات میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ شریک ہوئے تھے۔ اِن کی شہادت جنگ یمامہ میں ہوئی اور بعض کے نزدیک حضرت نُعمان وہ شخص تھے جنہیں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات کے بعد مرتدین سے جنگ میں طُلَیْحَہ نے شہید کیا تھا۔ (السیرۃ النبویہ لابن ہشام صفحہ466، 467 الْأَنْصَارُ وَمَنْ مَعَهُمْ/ مِنْ بَنِي مُعَاوِيَةَ وَحُلَفَائِهِمْ دار الکتب العلمیۃ بیروت 2001) (اسد الغابہ فی تمییز الصحابہ جلد 5صفحہ318 اَلنُّعْمَانْ بِنْ عَصَرْ، دار الکتب العلمیۃ بیروت۔ لبنان2008) (الاصابہ فی معرفۃ الصحابہ جلد 5 صفحہ510 لَقِیْط بِنْ عَصَرْ، دار الکتب العلمیہ بیروت 2005ء)