حضرت وَرَقَہ بن اِیَاسؓ
حضرت وَرَقَہ بن اِیَاسؓ کے نام میں اختلاف پایا جاتا ہے۔ آپؓ کا نام وَرَقَہ کے علاوہ وَدْفَہ اور وَدْقَہ بھی بیان ہوا ہے۔ حضرت وَرَقَہؓ کے والد کا نام اِیَاس بن عَمْرو تھا۔ آپؓ انصار کے قبیلے خزرج کی شاخ بَنُو لَوْذَان بن غَنَم سے تعلق رکھتے تھے۔ علامہ ابن اسحاق کی روایت کے مطابق حضرت وَرَقَہؓ کو اپنے دو بھائیوں حضرت رَبِیع اور حضرت عمرو کے ہمراہ غزوۂ بدر میں شامل ہونے کی توفیق ملی تھی۔ حضرت وَرَقَہؓ کو غزوۂ بدر کے علاوہ غزوۂ احد، غزوۂ خندق اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ہمراہ دیگر تمام غزوات میں شرکت کی توفیق ملی۔ آپؓ کی شہادت جنگ یمامہ کے روز حضرت ابو بکر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے عہدِ خلافت میں 11ہجری میں ہوئی۔ (السیرۃ النبویۃ لابن ہشام صفحہ 469، الانصار ومن معہم/ من بنی لوذان وحلفائہم، دارالکتب العلمیۃ بیروت 2001ء) (اسدالغابۃ جلد 5 صفحہ 412-413 ودفۃ بن ایاس، دارالکتب العلمیۃ بیروت 2008ء) (الاصابہ فی تمییز الصحابہ جلد 6 صفحہ 471، ودقۃ بن ایاس بن عمرو الانصاری، دارالکتب العلمیۃ بیروت 2005ء)