www.alislam.org

ڈاکٹر نسیم رحمت اللہ

یہ جماعت احمدیہ کی آفیشل ویب سائٹ ہے جو جنوری ۲۰۰۱ء سے انٹرنیٹ پر قائم ہے ۔ اس سائٹ کی ذمہ داری جماعت احمدیہ امریکہ کے سپرد ہے ۔ مکرم امیرصاحب امریکہ کے زیرِ ہدایت شعبہ سمعی و بصری جماعت احمدیہ امریکہ کے تحت رضا کارانہ خدمتِ دین کرنے والوں کی ایک ٹیم بڑی مستعدی سے اس ویب سائٹ کے سلسلہ میں مفوضہ امور انجام دے رہی ہے ۔

اس ویب سائٹ کے مقاصد میں دنیا کو اسلام احمدیت کی حقیقی تعلیمات سے آگاہی بخشنا اور احباب جماعت کی تعلیم و تربیت کے لئے ضروری مواد کی فراہمی شامل ہے ۔اللہ تعالیٰ کے فضل سے نہایت اہم مفید اوراعلیٰ در جہ کے مواد کے لحاظ سے یہ ویب سائٹ تمام اسلامی ویب سائٹس میں منفرد وممتاز حیثیت رکھتی ہے اور لوگ بڑی کثرت کے ساتھ حقیقی اسلام کی تعلیمات سے آگاہی کے لئے اس کی طرف رجوع کررہے ہیں۔ مثال کے طور پر ۲۰؍مارچ ۲۰۰۲ء سے ۲۵؍اپریل ۲۰۰۲ء تک کے صرف ایک ماہ کے عرصہ میں۳ء۲ ملین افراد نے اس سے فائدہ اٹھایا۔

اس ویب سائٹ کے کئی حصے ہیں ۔آڈیو،وڈیو حصہ میں ایم ٹی اے کی براہ راست (Live) نشریات کے علاوہ حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ کے خطبات بھی مہیا ہیں۔

Ask Islam کے تحت سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الرابع ایدہ اللہ کے ساتھ سوالات وجوابات دیکھے /سنے جاسکتے ہیں۔ اسے مزید وسعت دی جارہی ہے اور جلدہی انشاء اللہ ’’لقاء مع العرب‘‘ پروگرام میں پوچھے جانے والے سوا ل اور ان کے جوابات بھی اس پر مہیاہونگے۔اس کے علاوہ حضور انورکے فرمودہ خطبات ، لقاء مع العرب اور سوال وجواب کی On Line کیٹلاگ بھی مہیا کی جائے گی ۔

MTA کی نشریات کا ہفتہ وار پروگرام بھی آپ اس پر ملاحظہ کرسکتے ہیں ۔

اسی سائٹ کے ایک اور سیکشن میں مختلف اہم موضوعات مثلاًوفات مسیح اور ختم نبوت وغیرہ پر سوال وجواب بھی مہیا ہیں۔

زبانوں کے حصہ میں بنیادی زبان انگریزی ہے۔ اس کے علاوہ اس وقت تک عربی ، اردو ، چینی ، فرانسیسی، سپینش،رشین ، سواحیلی میں بھی نہایت اہم اور مفید مواد میسر ہے ۔

عربی رسالہ ماہنامہ التقویٰ اور ماہنامہ ریویو آف ریلیجنز(انگریزی) کے علاوہ ہفت روزہ الفضل انٹرنیشنل(اردو) کا انٹرنیٹ ایڈیشن بھی اس سائٹ پر ڈالا گیا ہے ۔ جس میں احادیث نبوی ، ارشادات حضرت مسیح موعود علیہ السلام ، خطبات جمعہ حضورانور ایدہ اللہ اور آپ کے خطابات ،اہم مضامین، نظمیں ،حاصلِ مطالعہ، الفضل ڈائجسٹ وغیرہ ملاحظہ کئے جاسکتے ہیں ۔

اردو حصہ میں اس کے علاوہ بھی بہت سا نہایت مفید اور قیمتی مواد میسر ہے ۔

قرآن کریم والے حصہ میں حضرت مولوی شیر علی صاحبؓ کے انگریزی ترجمہ قرآن کریم کے علاوہ مختلف زبانوں میں سورۃ فاتحہ کے تراجم ڈالے گئے ہیں اور جلد ہی انشاء اللہ One vol. Short Comentary (انگریزی) جو حضرت ملک غلام فرید صاحبؓ کی مرتبہ ہے وہ بھی On Lineمہیا ہوگی۔

اہم شخصیات والے حصہ میں حضرت چوہدری سر محمد ظفرا للہ خان صاحب ، نوبل انعام یافتہ احمدی مسلمان سائنسدان پروفیسر ڈاکٹر عبدالسلام صاحب کے علاوہ صحابہ حضرت مسیح موعودؑ اور احمدی شھداء کی تصاویر و مختصر تعارف ڈالے گئے ہیں۔

بک سٹور والے سیکشن میں جو اکتوبر ۲۰۰۱ء سے کام کررہا ہے ۔آپ مختلف جماعتی کتب کے لئے آرڈر دے سکتے ہیں۔ چنانچہ دنیا کے مختلف ممالک سے لوگ آرڈر دے کر کتب منگوا رہے ہیں۔

حال ہی میں حضرت اقدس مسیح موعود ؑ کی جملہ کتب ، مجموعہ اشتھارات اور ملفوظات کی جلدوں پر مشتمل روحانی خزائن کو دوعدد CDs پر برائے فروخت مہیا کیا گیاہے۔ اور بڑ ی کثرت سے لوگ یہ خرید رہے ہیں۔ اس کی قیمت صرف ۲۰؍ امریکن ڈالر ہے ۔

یہ صرف اس ویب سائٹ کی ایک جھلک ہے اس سائٹ کو بہتر ، دلکش اور User Friendly بنانے کے لئے بہت سے رضاکار دنیا بھر میں کام کررہے ہیں۔

ہماری خواہش ہے کہ دنیا کی تمام اہم زبانوں میں ہم اسلام کی حقیقی تعلیمات کو اس سائٹ پر پیش کریں۔ اس پر کام ہور ہا ہے اور امید ہے کہ جلد ہی کئی مزید زبانوں میں اہم اسلامی لٹریچر اس سائٹ پر مہیا ہوگا اور یوں اشاعت اسلام کے سلسلہ میں جماعت کی اس ویب سائٹ کو مفید ونتیجہ خیز خدمت کی توفیق ملے گی۔ کئی ایسے ممالک جہاں ہمیں تبلیغ کی آزادی حاصل نہیں ہے ان ملکوں کے لوگ اپنے گھر میں بیٹھ کر اس ویب سائٹ سے احمدیت یعنی حقیقی اسلام کے متعلق معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔اس پہلو سے اس کا دائرہ بہت وسیع ہو جاتاہے۔

احباب جماعت سے ان سب کا رکنان کے لئے جو کسی بھی حیثیت میں اس سائٹ کو بہتر و مؤثر بنانے کے لئے خدمت کی توفیق پارہے ہیں دعا کی عاجزانہ درخواست ہے۔ نیزیہ کہ آپ خود بھی اس سے فائدہ اٹھائیں اور اپنے دوست احباب کو بھی اس کے متعلق بتائیں تاکہ اس کادائرہ فیض تیزی سے بڑھتا اور پھیلتا چلا جائے ۔

اس ویب سائٹ کو مزید بہتر ،مفید اور خوبصورت ودلکش بنانے کے لئے اگر آپ کو ئی تجویز دینا چاہیں تو ہمیں اپنی قیمتی آراء اور مشوروں سے ضرور نوازیں ۔ خدا کرے کہ خلافت حقّہ اسلامیہ احمدیہ کی دعاؤں و راہنمائی کی برکت سے اس ویب سائٹ کو عالمگیر غلبہ ٔاسلام کی آسمانی مہم میں شاندار اورمثمر بثمرات حسنہ خدمات کی سعادت حاصل ہو ۔

(مطبوعہ :الفضل انٹرنیشنل ۲۶؍جولائی ۲۰۰۲ء تا ۸؍اگست ۲۰۰۲ء)