صحیح مسلم

اُردو ترجمہ كے ساتھ



نور فاؤنڈیشن  لندن کی طرف ابوالحسین مسلم بن حجاج بن مسلم القشیری کی مرتب کردہ صحیح  کا اردو ترجمہ تیار کیا ہے، جسے امام مسلم نے تین لاکھ احادیث میں سے کڑی جانچ پڑتال کے بعد مکمل کیا تھا۔ اس ترجمہ کو 15 جلدوں میں شائع کیا گیا ہے۔ ترجمہ کرنا اور خصوصاً مذہبی کتاب کا ترجمہ کوئی آسان کام نہیں ہوتا، کیونکہ مذہبی کتب کے ترجمہ میں جہاں متن سے وفاداری کا خیال رکھنا پڑتا ہے عربی متن کا ایسا لفظی ترجمہ بھی درست نہیں ہوتا جو اصل مفہوم سے دور لے جائے۔ الغرض بڑی محنت اور جانفشانی سے ان باتوں کا اہتمام کرکے یہ ترجمہ مکمل کیاگیا ہے۔ پیش کش نہایت عمدہ ہے اور احادیث کے متن کے حوالہ جات میں عالمی معیار کا خصوصی خیال رکھا گیا ہےتاکہ تحقیق کرنے والے قاری کو سہولت اور آسانی رہے۔

جماعت احمدیہ میں علم حدیث کی ترویج اور اشاعت کے لئے حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے حضرت حاجی الحرمین حکیم مولوی نورالدین خلیفۃ المسیح الاول رضی اللہ عنہ کے نام پر نور فاؤنڈیشن کا قیام فرمایا، یوں کتب احادیث کے عام فہم اور آسان تراجم میسر آنے لگے کیونکہ احادیث کے مجموعے پہلے سے موجود تراجم زیادہ تر پرانی طرز پر تھے جن کا سمجھنا عربی نہ جاننےوالوں اور مبتدیوں کے لئے قطعاً آسان نہ تھا۔

اس مجموعہ کی تمام جلدوں کے آخر پر آیات قرآنیہ، اطراف الحدیث (متن میں کسی بھی عربی جملہ سے حدیث تک پہنچنے میں آسانی ہو)  مضامین، اسماء، مقامات اور کتب کا تفصیلی انڈیکس بھی دیا گیا ہے۔