تبلیغ میں معاونت اور احمدی احباب کی علمی تربیت و ترقی کے لئے محترم قاضی محمد نذیر صاحب کی یہ نہایت مفید تصنیف احمدیہ تعلیمی پاکٹ بک ہے،قبل ازیں اس کتاب کا حصہ اول 1969ء میں اور حصہ دوم 1970ء میں شائع کیاگیا تھا تب تیاری مسودہ میں مولانا موصوف کی معاونت مکرم سید عبدالحئی شاہ صاحب اور مولوی محمد صدیق امرتسری نے کی تھی۔ بعد ازاں اس مفید کتاب کا حصہ اول و دوم یکجائی طور پر 1977ء میں طبع ہوا تھا جس میں حصہ اول اور دوم میں بعض ضروری تبدیلیاں اور اضافے بھی کئے گئے تھے۔ موجودہ ٹائپ شدہ ایڈیشن میں حوالہ جات کی ری چیکنگ وغیرہ کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔قریباً ساڑھے پانچ صد صفحات کی اس کتاب میں مسئلہ حیات و وفات مسیح ناصری علیہ السلام، نزول مسیح و ظہور مہدی ، مسئلہ ختم نبوت، صداقت مسیح موعود، آپ علیہ السلام کی پیش گوئیاں، متفرق اعتراضات کے جوابات کو نہایت تفصیل سے دیا گیا ہے۔