حضرت مرزا طاہر احمد ، خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ تعالیٰ نے ایم ٹی اے پر نشر ہونے والی اردو کلاس میں بچوں اور عام معمولی سمجھ رکھنے والے افراد کو پیش نظر رکھ کر نہایت آسان الفاظ اور دلچسپ انداز میں روزمرہ کی مثالیں دیکر نماز کے معانی و مطلب ارشاد فرمائے۔ کیونکہ حضور رحمہ اللہ تعالیٰ اپنے خطبات، خطابات اور مجالس عرفان میں قیام نماز کی طرف متوجہ کرکے بڑی تفصیل کے ساتھ سمجھایا کرتے تھے کہ صرف رسمی نماز اور خالی عبادات کافی نہیں بلکہ نماز کی حقیقت کو سمجھ کر اس کے معانی میں ڈوب کر نماز ادا کرنی چاہئے۔
ایم ٹی اے پر نشر ہونے والی ان متعلقہ کلاسز کے مواد کو مکرم نصیر احمد شاہد صاحب مبلغ بیلجئم نے سن کر ٹرانسکرائب (Transcribe) کیا اور تدریس نماز کے تحت اقتباسات کی شکل میں مرتب کیا، جسے الفضل انٹرنیشنل نے 6 اقساط میں شائع کیاتھا۔
مجلس خدام الاحمدیہ بھارت نے اس مواد کو کتابی شکل میں شائع کیا ہے تا قارئین اس سے استفادہ کرکے اپنے حضور نماز میں ترقی کے سامان کرسکیں۔