از افادات عالیہ حکیم نورالدین صاحبؓ طبیب شاہی مہاراجہ کشمیر
حضرت الحاج حکیم مولوی نورالدین، خلیفۃ المسیح الاوّلؓمہاراجہ کشمیر کے شاہی طبیب حضرت حکیم مولوی نورالدین صاحب خلیفۃ المسیح الاول کی طبابت و طبی خدمات کا ایک زمانہ شاہد تھا، آپ کے مجرب نسخوں کو متعدد بار شائع کیا گیا ہے۔ آپ کی بیاض خاص سب سے پہلے رسالہ طبیب حاذق میں مفتی فضل الرحمن صاحب نے 1905میں شائع کی تھی۔ بعد میں حضور کی اجازت سے انہوں نے 1909ء میں اسے’’ مجربا ت نورالدین‘‘ کے نام سے تین جلدوں میں شائع کردیا۔ 1924میں انہوں نے ’’بیاض نورالدین‘‘ حصہ اول کے نام سے یہی کتاب دوبارہ شائع کردی، اور 1925 میں بیاض نورالدین کا دوسرا حصہ شائع کیا۔ حصہ اول کے 316 صفحات اور حصہ دوم کے 268 صفحات ہیں۔ ان میں مجربات نورالدین کی مکمل نقل کے علاوہ بہت سے اضافے بھی ہیں، جو حضرت خلیفہ اول نے اپنی بیاض میں خود فرمائے تھے۔حضورؓ کے بیٹوں نے بھی اس بیاض کو شائع کیا۔ اس کتاب کے اوپری حصہ میں اصل متن ہے، جبکہ نیچے تشریحی نوٹس حضرت حکیم مولوی عبیداللہ بسمل صاحب کے ہاتھ کے لکھے ہوئے ہیں۔ جو سلسلہ کے ایک جید عالم، فارسی کے مشہور قادر الکلام شاعر اور ارجح المطالب کے مصنف تھے۔
شاہد بکڈپو، شوکت بازار گجرات کے شائع کردہ اس موجودہ ایڈیشن کے 400 سے زیادہ صفحات ہیں جس کے آغاز میں امراض کی فہرست بھی درج ہے تا بیماری کے مطابق نسخہ تلاش کرنے میں سہولت ہو۔