تفسیر حضرت مسیح موعود علیہ السلام

جلد اوّل تا ہشتم

حضرت مرزا غلام احمد قادیانی، مسیح موعود و مہدی معہودؑ

سیدنا حضرت مرزا غلام احمد قادیانی، مسیح موعود و مہدی معہود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے اپنی تصنیفات اور ملفوظات میں قرآن کریم کی جن آیا ت کی تفسیر بیان فرمائی اسے یکجا کرکے پیش کیا گیا ہے۔  یہ خزانہ 4 جلدوں میں تیار کیا گیا تھا جبکہ موجودہ ٹائپ شدہ ایڈیشن 8 جلدوں میں مرتب کیا گیا تا دوران مطالعہ قارئین کو سہولت ہو۔ معارف قرآنی کا یہ خزانہ حضور علیہ السلا م کی اردو، عربی اور فارسی زبان کی 80 سے زیادہ تصنیفات اور تقاریر میں جابجا مذکور تھا جسے 1967ء میں حضرت خلیفۃ المسیح الثالث رحمہ اللہ تعالیٰ نے یکجا کرنے کا ارشاد فرمایا تومولوی سلطان احمدصاحب فاضل پیرکوٹی نے بہت تھوڑے وقت میں ان روحانی موتیوں اور روح پرور تفسیری نکات کو نہایت محنت اور عرقریزی سے مکمل کرکے جنوری 1968ء میں مسودہ حضور رحمہ اللہ کی خدمت میں پیش کردیا۔ اس مسودہ کی ترتیب و تدوین اور عربی و فارسی عبارات کے تراجم کا مرحلہ مکمل ہونے پر طباعت کا سلسلہ شروع ہوا۔ موجودہ ایڈیشن میں اقتباسات درج کرتے ہوئےصحت متن کا خصوصی خیال رکھا گیاہے، اقتباسات کا حوالہ بھی روحانی خزائن سے مزید معین کردیا گیا ہے نیز نئے سامنے آنے والے اقتباسات کو بھی شامل تفسیر کیا گیا ہے۔حضرت مسیح موعودعلیہ السلام کو قرآنی حقائق و معارف کے بیان میں ہر مخالف کے مقابل پر ایک زندہ نشان عطا کیا گیا تھا۔ حضرت خلیفۃ المسیح الثالث رحمہ اللہ تعالیٰ نے 7 مارچ 1980ء کو تحریک فرمائی تھی کہ ہر احمدی گھرانہ میں اس تفسیر کا ایک سیٹ ضرور موجود ہونا چاہئے۔