مسجد فضل لندن خلفائے احمدیت کی قدم بوسی کے کثیر مواقع ملنے کے باعث سارے عالم میں ایک ممتاز اور مقدس جگہ ہے۔ نیز طلوع الشمس من المغرب کا آغاز اور عالمی فتح و ظفر کی ابتداء ہے۔
اس نصیبوں والی مسجد کی تواریخ پر بہت سا کام ہوا، اور ہمیشہ اس جگہ کی جزئیات کو بھی تاریخ میں محفوظ رکھا جائے گا ، لیکن توحید کے نور اور امن و سلامتی کے پیغام کو چاردانگ عالم میں پھیلانے والی اس مسجد کی ابتدائی تاریخ لکھنے کی سعادت حضرت سید میر محمد اسماعیل صاحب رضی اللہ عنہ کے حصہ میں آئی۔ آپ کا یہ علمی سرمایہ صدقہ جاریہ بن کر ہمیشہ آپ کے درجات کی بلندی کا باعث بنتا رہے گا۔ یہ کتاب پہلی بار 1927ء میں طبع ہوئی۔ موجودہ ایڈیشن ٹائپ شدہ ہے اور مؤلف کی پیش کردہ قیمتی معلومات کو نہایت سلیقہ سے پیش کیا گیا ہے۔