اس کتاب میں مؤلف نے حضرت حافظ روشن علی صاحب رضی اللہ عنہ کے سوانح حیات کے سلسلہ میں تمام ضروری امور دریافت کرکے انہیں یکجائی صورت میں مرتب کرنے کی قابل قدر سعی کی ہے۔
اس مسودہ کی تیاری اور ترتیب میں جماعت کے موقر اخبارات، الحکم، بدر،الفضل اور رسائل میں ریویو آف ریلجنز کی متعلقہ فائلوں سے مواد اخذ کیا گیا ہے۔ نیز مصنف کے بقول انہوں نے حضرت حافظ صاحب کے خاندانی حالات کے سلسلہ میں حضرت حافظ صاحب کے قریبی رشتہ داروں محترم پیر فیض احمد صاحب کیمبل پور، مکرم کیپٹن محمد اسلم صاحب ربوہ ، حافظ مبارک احمد صاحب سابق پروفیسر جامعہ احمدیہ ربوہ اور محترمہ استانی مریم بیگم صاحبہ بیوہ حضرت حافظ صاحب ؓ سے کافی حد تک مددلی ہے۔ نیز مکرم مولوی عبدالرحمن صاحب انور اسسٹنٹ پرائیو یٹ سیکرٹری حضرت مصلح موعود اور مکرم مولوی محمد حسین صاحب فاضل سے ملاقاتیں کرکے بعض ضروری معلومات حاصل کی ہیں۔ اور شجرہ نسب حافظ صاحب ؓ کے خاندان سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان مکرم مختار احمد صاحب سے لیکر اس کتابچہ میں شامل کیا گیا ہے۔
قریبا سو ا سو صفحات پر مشتمل یہ ٹائپ شدہ کتاب حضرت حافظ روشن علی صاحب ؓ کی سیرت و سوانح پر ایک قیمتی کتاب ہے۔