حضرت محمد ﷺ کی بعثت کے وقت دنیا بھر میں سچا دینی علم رکھنے والے بزرگ اپنے اپنے انبیاء کی پیش گوئیوں کی روشنی میں عرب کے ریگزار میں مبعوث ہونے والے نبی امیﷺ کا بشدت انتظار کررہے تھے۔ حضرت سلمان فارسیؓ ایسے ہی لوگوں میں سے خوش نصیب انسان تھے جنہوں نے حقیقت میں اس عظیم الشان نبی ﷺ کو پالیا۔ آپ ؓ مذہبی جوش اور بے پناہ جذبہ رکھنے والے ایک بزرگ نوجوان تھے۔ جنہوں نے محض دین کی خاطر اپنے گھر بار، رشتہ داروں اور وطن کو خیر آباد کہا اور نبی وقت کی تلاش میں اتنی قربانیاں دینا خوشی خوشی منظور کیا حتیٰ کہ اپنی آزادی تک سلب کروالی۔ مگر خدا کو کچھ اور ہی منظور تھا۔ خدا نے نہ صرف آپ کی غلامی کی زنجیروں کو بھی پاش پاش کیا اور دین کو دنیا پر مقدم رکھنے کی جزا دیتے ہوئے نبیوں کے سردار حضرت محمد ﷺ سےاہل بیت جیسی خاص قربت بھی بخشی اور سورہ جمعہ کی پیش گوئی کے مطابق دوسری بعثت کے مصداق حضرت اقدس مسیح موعودعلیہ السلام سے بھی ربط نصیب کردیا۔