حضرت مولانا غلام رسول صاحب قدسی فاضل ؓ کا شمار سلسلہ عالیہ احمدیہ کے ان بزرگوں میں ہوتاہے جو صاحب رویاء کشوف تھے۔ آپ صوبہ پنجاب کے ضلع گجرات کے گاؤ ں راجیکی میں پیداہوئے تھے۔ آپ نے اپنے سوانح حیات کے تفصیلی حالات خود قلم بند فرمائے تھے جس میں خاندانی حالات سے لیکر عہد طفولیت ، جوانی اور بڑھاپے تک کے ایمان افروز واقعات، نیز قرآن کریم کے سینکڑوں معارف اور قریباً نصف صدی تک کی کامیاب تبلیغی مہمات، خدا تعالیٰ کی خارق عادت مدد و نصرت، اپنے عارفانہ کلام، رویاء وکشوف، خلفائے احمدیت کی شفقت و عنایات کے واقعات وغیرہ کا ذکر درج کیا ۔ اس مسودہ کو اب تک مختلف مواقع پر حیات قدسی کے نام سے متعدد بار شائع کیا جاچکا ہے۔