خطبة اِلہامِیّة

اُردو ترجمہ

حضرت مرزا غلام احمد قادیانی، مسیح موعود و مہدی معہودؑ

خطبہ الہامیہ۔ عیدالاضحیٰ جو ۱۱؍ اپریل ۱۹۰۰ء کو ہوئی عید کی نماز ادا کرنے کے بعد حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے نہایت فصیح و بلیغ عربی زبان میں ایک خطبہ ارشاد فرمایا جو خطبہ الہامیہ کے نام سے معروف و مشہور ہے۔ اسی وجہ سے اس کتاب کا نام خطبہ الہامیہ رکھا گیا، جو الباب الاوّل ہے۔ بقیہ چار ابواب اور اشتہار ’’الاعلان‘‘ اور حواشی آپ نے ۱۹۰۰ء سے لے کر ۱۹۰۲ء میں کسی وقت تصنیف فرمائے اور اس کی اشاعت موجودہ کتاب کی صورت میں اکتوبر ۱۹۰۲ء کے بعد ہوئی۔

خطبہ الہامیہ جو کتاب خطبہ الہامیہ کی ابتداء میں الباب الاوّل کے طور پر چھپا ہوا ہے، آپ نے نہایت اہتمام سے اس کو کاتب سے لکھوایا اور فارسی اور اُردو میں ترجمہ بھی خود کیا اور اس خطبہ پر اعراب بھی لگوائے۔

کتاب کا اُردو ترجمہ طبع اوّل کے وقت ایک ساتھ ہی اشاعت پذیر ہوا تھا لیکن اشتہار ’’الاعلان‘‘ اور حواشی کا ترجمہ کیا جانا باقی تھا۔ ان کا ترجمہ اب مکمل ترجمہ کے ساتھ پیشِ خدمت ہے۔ عربی متن کا بالمقابل اُردو ترجمہ دیا گیا ہے تاکہ مطالعہ میں آسانی ہو۔