یہ کتاب خلافت احمدیہ کے سو سال مکمل ہونے پر شائع کی جانے والی کتب میں سے ایک ہے جسے صد سالہ خلافت احمدیہ کی مرکزی جوبلی کمیٹی کے زیر اہتمام تیار اور طبع کروایا گیا ہے ۔اس میں خلفائے احمدیت کی تحریکات کے عنوان سے مکرم عبدالسمیع خان صاحب نے سلسلہ کے لٹریچر کے ہزاروں صفحات سے یہ مبسوط مواد جمع کرکے مرتب کیا ہے اور ان تحریکات کے شیریں ثمرات پر بھی بات کی گئی ہے۔ قریباً 600 صفحات کی اس کتاب میں با حوالہ مواد کو قرینے سے سجایا گیا ہے۔
جماعت احمدیہ کے قیام کو اب تک 120 سال سے زیادہ عرصہ ہوچکا ہے، اس طویل دور کا سرسری مطالعہ ہی اظہر من الشمس کر رہا ہے کہ روز اول سے ہی جماعت کی ایک ہی پالیسی، ایک ہی نصب العین اور ایک ہی رخ ہے جو بانی جماعت احمدیہ نے متعین فرمایا تھا۔ ایک کے بعد ایک امام اور سربراہ چلا آتا ہے اور اسی منزل کی طرف جماعت کے قدموں میں تیزی پیدا کرتا جاتا ہے۔ نہ کوئی اختلاف ہے نہ کوئی تبدیلی، ترمیم اور تنسیخ۔ ہر آنے والا، وقت کی ضروریات اور تقاضوں کے مطابق سابقہ کام کو آگے بڑھاتا ہے اور عزم و عمل کی نئی سے نئی راہیں احباب جماعت کے لئے وا کرتا چلا جاتا ہے۔