حضرت مرزا طاہر احمد ، خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ تعالیٰ نے 1990کی دہائی میں ہولناکی اور سفاکیت سے عبارت خلیجی جنگ کے متعلق خطبات جمعہ کا ایک سلسلہ ارشاد فرمایا تھا جن کو یہاں کتابی شکل میں شائع کیا گیا ہے۔
حضور ؒ نے نہایت گہری نظر سے اس عالمی سطح کی سیاسی کشمکش اور خونریز جنگ کے پس پردہ عوامل اور محرکات کا تجزیہ فرمایا اور عالم اسلام کے خلاف مشترکہ دشمنان کا مہیب خطرہ سے بھرا بے رحم ایجنڈا بتا کر سازشوں پر سے پردہ اٹھایا اور امت مسلمہ کی ہمدردی میں نصائح سے نوازا تاکہ وہ اپنے مستقبل کے فیصلوں میں احتیاط برت سکیں۔ انہی خطبات میں حضورؒ نے قبل از وقت خبردار کردیا تھا کہ امریکہ کا پیش کردہ ورلڈ آرڈر دنیا میں امن کا ضامن نہیں ہوسکتا کیونکہ اس کی بنیاد خودغرضی، برتری کے احساس اور اخلاق سے عاری سیاست پر ہے۔ اور کھول کر بتایا کہ دنیا کا پائیدار امن، بنی نو ع انسان کی حقیقی آزادی اور خوشحالی کا راستہ صرف اور صرف اسلام کا پیش کردہ نظام عدل ہی ہے۔
اس کتاب میں قارئین کے سہولت کے لئے مضامین کی مناسبت سے عناوین اور ذیلی عناوین بھی لگائے گئے ہیں اور آخر پر انڈیکس بھی موجود ہے۔