دینی معلومات
حدیث النبی صلی اللہ علیہ وسلم
سوال: حدیث کسے کہتے ہیں؟
جواب: حدیث ان لفظی روایات کا نام ہے جو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے اقوال و افعال اور احوال کے متعلق بیان کی گئیں۔
سوال: صحاحِ ستہ کے متعلق مختصر بیا ن کریں۔
جواب: احادیث کی صحت کے اعتبار سے محدثین نے حدیث کی درج ذیل چھ کتابوں کو دیگر کتب احادیث سے زیادہ مستند ا ور معتبر قرار دیا ہے۔ ان چھ کتب کو صحاح ستہ (یعنی چھ صحیح کتابیں ) کہتے ہیں۔ ان کا درجہ ذیل کی ترتیب کے مطابق سمجھاجاتاہے۔
- صحیح بخاری حضرت امام محمد بن اسماعیل بخاریؒ (194ھ تا 256ھ)
- صحیح مسلم حضرت امام مسلم بن حجاجؒ (209ھ تا 261ھ)
- جامع ترمذ ی حضرت امام ابو عیسیٰ محمد بن عیسیٰ ترمذیؒ (204ھ تا 279ھ)
- سنن ابو داؤد حضرت امام ابوداؤد سلیمان بن اشعثؒ (202ھ تا 275ھ)
- سنن نسائی حضرت امام حافظ احمد بن شعیب النسائیؒ (215ھ تا 306ھ
- سنن ابن ماجہ حضرت امام ابو عبد اللہ محمد بن یزید ابن ماجہ قزوینیؒ (209ھ 275ھ)
سوال: کس صحا بیؓ اور کس صحابیہؓ سے سب سے زیادہ احادیث مروی ہیں؟
جواب: حضرت ابوہریرہؓ اور حضرت عائشہؓ سے۔
سوال: حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی کوئی ایسی حدیث بتائیں جس میں امتِ محمدیہ میں ہر صدی میں مجدد آنے کی پیشگوئی ہو۔
جواب: اِنَّ اﷲَ یَبْعَثُ لِھٰذِہِ الْاُمَّۃِ عَلٰی رَأسِ کُلِّ مِائَۃِ سَنَۃٍ مَّنْ یُّجَدِّدُ لَھَادِ یْنَھَا (سنن ابوداؤد جلد2 کتاب الملاحم صفحہ241 مطبع مجتبائی دہلی)
ترجمہ: اللہ تعالیٰ ہر صدی کے سر پر اس امت میں ایسے شخص کو مبعوث فرمائے گا جو اس کے دین کو از سر نو زندہ کرے گا۔
سوال: کوئی ایسی حدیث بتائیں جو امکان نبوت پر دلیل ہو۔
جواب: لَوْعَاشَ لَکَانَ صِدِّ یْقاً نَّبِیًّا (ابن ماجہ جلد نمبر 1 کتاب الجنائز)
ترجمہ: اگر وہ (یعنی حضرت ابراہیمؓ فرزند رسولؐ) زندہ رہتے تو ضرورسچےّ نبی ہوتے۔
سوال: آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی کتنی عمر بیان فرمائی ہے؟
جواب: اِنَّ عِیْسَی ابْنَ مَرْیَمَ عَاشَ عِشْرِیْنَ وَمِائَۃَسَنَۃٍ (کنزالعمال جلد 2 صفحہ 160)
ترجمہ: یقینا حضرت عیسیٰ بن مریم 120سال زندہ رہے۔
سوال: حدیث میں مسیح موسوی اور مسیح محمدی کے جو حلیے بیان ہوئے ہیں بتائیں۔
جواب: مسیح موسوی کا رنگ سرخ، بال گھنگریالے اور سینہ چوڑا جبکہ مسیح محمدی کا رنگ گندم گوں اور خوبصورت اور سر کے بال سیدھے اور لمبے بیان ہوئے ہیں۔ (صحیح بخاری جلد 2کتاب بدء الخلق صفحہ 165مصری )
سوال: وہ حدیث بتائیں جس میں مسیح اور مہدی کو ایک وجود قرار دیا گیا ہے۔
جواب: لَاالْمَھْدِیُّ اِلَّاعِیْسٰی (ابن ماجہ کتاب الفتن باب شدۃ الزمان )
ترجمہ: مہدی اور عیسیٰ ایک ہی وجود ہیں۔
سوال: وہ حدیث بیان کریں جس میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے مہدی کو سلام پہنچانے کی تلقین فرمائی ہے۔
جواب: الَامَنْ اَدْرَکَہٗ فَلْیَقْرَاْ عَلَیْہِ السَّلَامَ (طبرانی الاوسط والصغیر)
ترجمہ: یاد رکھو کہ جو بھی اس سے ملاقات کا شرف حاصل کرے وہ میرا سلام اسے ضرور پہنچا دے۔
سوال: وہ کونسی حدیث ہے جس میں مسیح موعود کو فارسی الاصل قرار دیاگیا ہے؟
جواب: آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت سلمان فارسیؓ کے کندھے پر ہاتھ رکھ کر فرمایا :۔
لَوکَانَ الْاِیْمَانُ مُعَلَّقًا بِالثُّرَیَّا لَنَالَہٗ رَجُلٌ مِّنْ ھٰؤُلٓائِ (بخاری کتاب التفسیر)
سوال: حدیث میں مسیح موعود کے کن کاموں کا ذکر کیا گیاہے؟
جواب: کسرِ صلیب، قتلِ خنزیر، قتلِ دجّال، غلبۂ اسلام، احیائے دینِ اسلام، قیامِ شریعت، تمام اندرونی و بیرونی اختلافات کے لئے حکم و عدل ہونا، کھویا ہوا ایمان واپس دنیا میں لانا، کثرت سے (روحانی) مال تقسیم کرنا۔
سوال: (بیت الذکر) میں داخل ہونے اور باہر نکلنے کی دعا بتائیں۔
جواب: (بیت الذکر) میں داخل ہونے کی دعا۔
بِسْمِ اﷲِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ عَلٰی رَسُوْلِ اللہ۔ اَللّٰھُمَّ اغْفِرْلِیْ ذُنُوْبِیْ وَافْتَحْ لِیْ اَبْوَابَ رَحْمَتِکَ۔
ترجمہ: میں اللہ تعالیٰ کا نام لے کر (بیت الذکر) میں داخل ہوتا ہوں۔ اللہتعالیٰ کے رسول پر درود و سلام ہو۔ اے میرے اللہ!میرے گناہ بخش دے اور اپنی رحمت کے دروازے مجھ پر کھول دے۔
(بیت الذکر) سے باہر نکلتے ہوئے بھی یہی دعا پڑھنی چاہئے صرف اَبْوَابَ رَحْمَتِکَ کی بجائے اَبْوَابَ فَضْلِکَ پڑھا جائے۔ جس کے معنی ہیں ” اپنے فضل کے دروازے”۔
سوال: فقہ کے چار بنیادی ماخذ بتایئے۔
جواب: 1۔ قرآن مجید، 2۔ سنت و حدیث، 3۔ اجماع، 4۔ قیاس۔
سوال: سنت کسے کہتے ہیں؟
جواب: آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی فعلی روش اور طریقِ عمل کو۔