دینی معلومات

عہد حضرت مسیح موعود علیہ السلام

سوال: آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی پیشگوئی کے مطابق مسیح موعود کون ہیں؟

جواب: حضرت مرزا غلام احمد صاحب قادیانی علیہ السلام۔ آپ 14 شوال 1250ھ بمطابق 13 فروری 1835 ء بروز جمعۃ المبارک قادیان میں پیدا ہوئے۔

سوال: آپ کے والد ماجد اور والدہ محترمہ کا نام کیا تھا؟

جواب: والد کا نام حضرت مرزا غلام مرتضیٰ صاحب رئیس قادیان اور والدہ محترمہ کا نام حضرت چراغ بی بی صاحبہ تھا۔

سوال: حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو پہلا الہام کب ہوا؟

جواب: آپ کو پہلا الہام تقریباً 1865ء میں ہوا۔

سوال: حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا پہلا الہام بتائیں؟

جواب: ثَمَا نِیْنَ حَوْلًا اَوْ قَرِیْباً مِّنْ ذٰلِکَ اَوْتَزِیْدُ عَلَیْہِ سِنِیْناً وَتَرٰی نَسْلاً بَعِیدًا۔

ترجمہ: یعنی تیری عمر اَسّی برس کی ہوگی یادوچار کم یا چند سال زیادہ اور تو اس قدر عمر پائے گا کہ ایک دور کی نسل دیکھے گا۔ (تذکرہ مطبوعہ 1969ء صفحہ 7)

سوال: آپ کوماموریت کا پہلا الہام کب ہوا؟

جواب: مارچ1882ء کو الہام ہوا۔

قُلْ اِنِّیْ اُمِرْتُ وَاَنَا اَوَّلُ الْمُؤْمِنِیْنَ۔

ترجمہ: کہہ میں خدا کی طرف سے مامور ہوں اور میں سب سے پہلے ایمان لانے والا ہوں۔

سوال: حضرت مسیح ناصری علیہ السلام کے ارہاص اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ارہاص کون تھے؟ (ارہاص سے مراد وہ وجود ہے جو کسی دوسرے وجود سے پہلے اس کے لئے بطور علامت اور نشان کے ہو۔ )

جواب: حضرت مسیح ناصری علیہ السلام کے ارہاص حضرت یحییٰ علیہ السلام تھے۔ جن کا نام انجیل میں یوحنا ہے اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ارہاص حضرت سید احمد بریلوی شہیدؒ تھے۔

سوال: حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے خلاف سب سے پہلا مقدمہ کب اور کس نے کیا؟

جواب: 1877ء میں ایک عیسائی رُلیا رام نے کیا۔ یہ مقدمہ ڈاکخانہ کے نام سے مشہور ہے۔

سوال: دس شرائط بیعت کا اعلان حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے کب کیا۔

جواب: 12 جنوری 1889ء بذریعہ اشتہار ” تکمیل تبلیغ”۔

سوال: آپ نے پہلی بیعت کب اور کہاں لی؟

جواب: 23 مارچ 1889ء کو لدھیانہ میں آپ نے پہلی بیعت حضرت صوفی احمد جان صاحب کے مکان پر لی۔

سوال: پہلے دن کتنے احباب نے بیعت کی اور سب سے پہلے بیعت کرنے والے کون تھے؟

جواب: پہلے دن چالیس افراد نے بیعت کی اور سب سے پہلے حضرت حکیم مولانا نورالدین صاحب (خلیفۃ المسیح الاول) نے بیعت کی۔

سوال: جماعت احمدیہ کا نام جماعت احمدیہ کب رکھا گیا؟

جواب: مارچ 1901ء میں مردم شماری کے موقع پر۔

سوال: حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی کل کتنی تصنیفات ہیں؟ پہلی اور آخری کا نام مع سنہ بتائیں۔

جواب: کل 85 تصنیفات ہیں۔ پہلی “براہین احمدیہ حصہ اول و حصہ دوم” جو 1880ء میں شائع ہوئی اور آخری “پیغام صلح” جو 1908ء میں شائع ہوئی۔

سوال: حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی دوسری شادی کس خاندان میں ہوئی اور کن سے؟

جواب: نومبر 1884ء میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی دوسری شادی دہلی کے مشہور صوفی حضرت خواجہ میر درد کے خاندان میں حضرت سیدہ نصرت جہاں بیگم صاحبہ سے ہوئی اور انہی کے بطن مبارک سے مبشر اولاد ہوئی۔

سوال: حضرت مسیح موعود علیہ السلام کاسفر ہوشیار پورتاریخ احمد یت میں کیوں مشہور ہے؟

جواب: یہ سفر آپ نے جنوری 1886ء میں کیا۔ آپ نے وہاں چلہ کشی کی۔ اسی دوران آپ کو مصلح موعود کی عظیم بشارت دی گئی۔

سوال: حضرت مسیح موعودعلیہ السلام کی مبشر اولاد کے اسماء مع تاریخ پیدائش بتائیں۔

جواب:

  1.  صاحبزادی عصمت صاحبہ (ولادت مئی 1886ء۔ وفات جولائی 1891ء)
  2.  صاحبزادہ بشیر اول (ولادت7 اگست 1887ء۔ وفات 4 نومبر 1888ء )
  3.  حضرت صاحبزادہ مرزا بشیر الدین محمود احمدصاحب خلیفۃ المسیح الثانی (مصلح موعود) (ولادت 12 جنوری 1889ء۔ وفات 8 نومبر1965ء)
  4.  صاحبزادی شوکت صاحبہ (ولادت 1891ء۔ وفات1892ء )
  5. حضرت صاحبزادہ مرزا بشیر احمد صاحب ایم۔ اے (ولادت 20اپریل 1893ء۔ وفات2 ستمبر 1963ء )
  6.  حضرت صاحبزادہ مرزا شریف احمد صاحب (ولادت24 مئی 1895ء۔ وفات 26 دسمبر1961ء )
  7.  حضرت صاحبزادی نواب مبارکہ بیگم صاحبہ (ولادت 2 مارچ 1897ء۔ وفات 23 مئی 1977ء
  8.  حضرت صاحبزادہ مرزا مبارک احمدصاحب (ولادت 14 جون 1899ء۔ وفات 16 ستمبر 1907ء )
  9.  صاحبزادی امۃ النصیر صاحبہ (ولادت 28 جنوری 1903ء۔ وفات 3دسمبر1903ء )
  10.  حضرت صاحبزادی امۃ الحفیظ بیگم صاحبہ (ولادت 25 جون 1904ء۔ وفات 6 مئی 1987ء)

سوال: حضورؑ نے مسیحیت کا دعویٰ کب کیا؟

جواب: 1890ء میں۔

نوٹ: ماموریت کے الہامات کی بنا پر باذن الٰہی آپ نے 23 مارچ 1889ء کو سلسلہ بیعت کا آغاز فرمایا تھا۔

سوال: جماعت احمدیہ کا پہلا جلسہ سالانہ کب اور کہاں ہوا؟

جواب: 27 دسمبر 1891ء کو بیت اقصیٰ قادیان میں۔

سوال: چاند اور سورج گرہن کا نشان کب ظاہر ہوا؟

جواب: آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی پیشگوئی کے مطابق ہندوستان یعنی مشرقی کرہ میں 13 رمضان 1311ھ (21 مارچ 1894ء) کو چاند گرہن اور 28 رمضان 1311ھ (6 اپریل 1894ء) کو سورج گرہن کا نشان ظاہر ہوا جبکہ امریکہ یعنی مغربی کرہ میں 11 مارچ 1895ء کو چاند گرہن ہوا اور 26 مارچ 1895ء کو سورج گرہن ہوا۔

سوال: قادیان میں ضیاء الاسلام پریس اور کتب خانہ کب قائم کیا گیا؟

جواب: 1895ء میں۔

سوال: جلسہ اعظم مذاہب عالم کب اور کہاں منعقد ہوا؟

جواب: 26 تا 29 دسمبر 1896ء بمقام لاہور۔

سوال: جلسہ اعظم مذاہب عالم پر کیا نشان ظاہر ہوا؟

جواب: اس جلسہ کیلئے حضرت مسیح موعوو علیہ السلام نے ایک مضمون لکھا اور خدا سے خبر پاکر جلسہ سے پہلے یہ اعلان کردیا کہ خدا نے مجھے بتایا ہے کہ میرا یہ مضمون سارے مضمونوں پر غالب رہے گا۔ چنانچہ ایسا ہی ہوا۔ جب حضرت مولوی عبدالکریم صاحب سیالکوٹی نے آپ کا تحریر کردہ مضمون پڑھا تو سب نے بالاتفاق اقرار کیا کہ آپ کامضمون سب پر بالا رہا۔ یہ مضمون بعد میں “اسلامی اصول کی فلاسفی” کے نام سے شائع ہوا۔

سوال: آپ کے الہام “شَاتَانِ تُذْبَحَانِ” (دو بکریاں ذبح کی جائیں گی) سے کیا مراد ہے؟

جواب: اس میں حضرت مولوی عبدالرحمن صاحب اور حضرت صاحبزادہ سیدعبداللطیف صاحب کی دردناک شہادت کی طرف اشارہ ہے۔ ان دونوں بزرگوں کو افغانستان کی سرزمین میں احمدی ہونے کے سبب شہید کردیا گیا۔

سوال: حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو “اِنِّیْ اُحَافِظُ کُلَّ مَنْ فِی الدَّارِ” کا الہام کس سلسلہ میں ہوا؟

جواب: حضور کے گھر دارالمسیح میں مقیم جملہ افراد اورمخلص احمدیوں کے طاعون سے محفوظ رہنے کے متعلق۔

سوال: ایسے پانچ مخالفین کے نام مع سنۂ ہلاکت بتائیں جن کی موت حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی پیشگوئی کے مطابق ہوئی ہو۔

جواب:

  1.   پادری عبداللہ آتھم 1896ء
  2.  پنڈت لیکھرام پشاوری 1897ء
  3.  منشی الٰہی بخش اکاؤنٹنٹ لاہور 1907ء
  4.  سعداللہ لدھیانوی 1907ء
  5.  ڈاکٹرالیگزینڈرڈوئی آف امریکہ 1907ء

سوال: حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا عربی، فارسی، انگریزی، اردواور پنجابی کا ایک ایک الہام بتائیں۔

جواب: عربی الہام: “اَلَیْسَ اﷲُ بِکَافٍ عَبْدَہٗ” (کیا اللہ تعالیٰ اپنے بندہ کیلئے کافی نہیں ہے؟)

فارسی الہام: “مکن تکیہ برعمر نا پائیدار” (اس ناپائیدار زندگی کا بھروسہ مت کرو)

انگریزی الہام: “I SHALL GIVE YOU A LARGE PARTY OF ISLAM”

اردو الہام: “دنیا میں ایک نذیر آیا پر دنیانے اس کو قبول نہ کیا لیکن خدا اسے قبول کرے گا اور بڑے زور آور حملوں سے اس کی سچائی ظاہر کردے گا۔”

پنجابی الہام: “جے توں میرا ہورہیں سب جگ تیرا ہو۔”

سوال: حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے عشق رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے متعلق عربی، فارسی اور اردو کلام میں سے ایک ایک شعر بتائیں۔

جواب: عربی:

جِسْمِیْ یَطِیْرُ اِلَیْکَ مِنْ شَوْقٍ عَلَا

یَالَیْتَ کَانَتْ قُوَّۃُ الطَّیَرَانٖ

ترجمہ: اے محمد صلی اللہ علیہ وسلم میرا جسم بوجہ شوق و محبت کے تیری طرف اڑا چلا جارہا ہے۔ اے کاش کہ مجھ میں قوت پرواز ہوتی۔

فارسی:

بعد از خدا بعشق محمدؐ مخمرم

گر کفر ایں بود بخدا سخت کافرم

ترجمہ: اللہ کے عشق کے بعد میں عشق محمدصلی اللہ علیہ وسلم سے مخمور ہوں۔ اگر یہ کفر ہے تو خدا کی قسم میں سخت کافر ہوں۔

اردو:

ربط ہے جان محمدؐ سے مری جاں کو مدام

دل کو وہ جام لبالب ہے پلایا ہم نے

سوال: حضرت مسیح موعودؑکے عشق قرآن کے بارہ میں ایک شعر بتائیں۔

جواب:

دل میں یہی ہے ہر دم تیرا صحیفہ چوموں

قرآں کے گرد گھوموں کعبہ مرا یہی ہے

سوال: حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی کوئی الہامی دعا بتائیں جسے آپ نے کثرت سے پڑھنے کا ارشاد فرمایا ہو۔

جواب: رَبِّ کُلُّ شَیْئٍ خَادِمُکَ رَبِّ فَاحْفَظْنِیْ وَانْصُرْنِیْ وَارْحَمْنِیْ۔

ترجمہ: اے میرے رب! ہر ایک چیز تیری خادم ہے۔ اے میرے رب! شریر کی شرارت سے مجھے پناہ میں رکھ اور میری مدد کر اور مجھ پر رحم کر۔

سوال: جَرِیُّ اللہ فِیْ حُلَلِ الْاَنْبِیَآءِ ( خدا کا پہلوان نبیوں کے لباس میں ) کون ہیں اور کیوں؟

جواب: یہ لقب اللہ تعالیٰ نے الہام کے ذریعہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو دیا ہے کیونکہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی غلامی میں آپ تمام گذشتہ انبیاء کے کامل بروز ہیں۔

سوال: حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا یہ شعر کس کے بارہ میں ہے اور کس طرح پورا ہوا؟

الا اے دشمنِ نادان و بے راہ

بترس از تیغِ برّانِ محمدؐ

ترجمہ: خبردار اے بیوقوف اور گمراہ دشمن !تو محمدصلی اللہ علیہ وسلمکی کاٹنے والی تلوار سے ڈر۔

جواب: ہندو پنڈت لیکھرام پشاوری کے بارہ میں جسے اللہ تعالیٰ نے ایک فرشتہ کے ذریعہ تیغ محمدیؐ کا شکار بنایا۔

سوال: حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے اپنا دوسراوطن کس جگہ کو قرار دیا ہے؟

جواب: سیالکوٹ کو۔

سوال: حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے کپور تھلہ اور جماعت کپور تھلہ کے بارہ میں کیا فرمایاہے؟

جواب: فرمایا! کپور تھلہ قادیان کا ایک محلہ ہے اور احباب کپور تھلہ کو لکھا: “میں امید کرتا ہوں کہ آپ لوگ قیامت کو بھی میرے ساتھ ہوں گے کیونکہ دنیا میں بھی آپ نے میرا ساتھ دیا۔”

سوال: حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے پانچ (رفقاء) کے نام بتائیں۔

جواب:

  1.  حضرت مفتی محمد صادق صاحب
  2.  حضرت مولانا شیر علی صاحب
  3.  حضرت شیخ یعقوب علی عرفانی صاحب
  4.  حضرت مولانا سید محمد سرور شاہ صاحب
  5.  حضرت حافظ روشن علی صاحب

سوال: حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے دوالہام بتائیں جن میں قادیان سے ہجرت اور واپسی کا ذکر ہو۔

جواب: ” داغ ہجرت” اور “اِنَّ الَّذِیْ فَرَضَ عَلَیْکَ الْقُرْآنَ لَرَآدُّکَ اِلٰی مَعَادٍ

ترجمہ: وہ ذات جس نے تجھ پر قران کی خدمت فرض کی ہے، تجھے تیرے ٹھکانے کی طرف واپس لائے گا۔

سوال: حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی کوئی سی دس کتب کے نام بتائیں۔

جواب:

  1.   سرمۂ چشمِ آریہ
  2.  فتحِ اسلام
  3.  توضیح مرام
  4.  ازالۂ اوہام
  5.  آئینۂ کمالاتِ اسلام
  6.  حقیقۃُ الوحی
  7.  اعجاز المسیح
  8.  مسیح ہندوستان میں
  9.  تحفۂ گولڑویہ
  10.  کشتیٔ نوح

سوال: ” برکات الدعاء” حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے کس کے نظریات کی اصلاح کیلئے لکھی؟

جواب: اپریل 1893ء میں سرسید احمد خان کے نظریات کی اصلاح کیلئے۔

سوال: “جنگِ مقدس” سے کیا مراد ہے؟

جواب: حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور پادری عبداللہ آتھم کے مابین 1893ء میں جوتحریری و تقریری مباحثہ امرتسر میں ہوا وہ جنگ مقدس کے نام سے موسوم ہے۔

سوال: سلسلہ احمدیہ کے وہ کون سے دو اولین اخبار ہیں جنہیں حضرت مسیح موعودعلیہ السلام نے جماعت کے دو بازو قرار دیا ہے؟

جواب: ” الحکم”اور “البدر”۔

سوال: ریویو آف ریلیجنز، اردو، انگریزی کا اجراء کب ہوا؟

جواب: جنوری 1902ء میں۔

سوال: مینارۃ المسیح اور بیت الدعا کا سنگ بنیاد کس نے اور کب رکھا؟

جواب: سیدنا حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے 13 مارچ 1903ء کو۔

سوال: حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے اپنے فارسی کلام میں “شیخ عجم” کس کو قرار دیا؟

جواب : حضرت صاحبزادہ عبداللطیف صاحب شہید کو۔ آپ 14 جولائی 1903ء کو کابل (افغانستان) میں شہید کردیئے گئے۔

سوال: حضرت مولانا عبدالکریم صاحب سیالکوٹی اور حضرت مولوی برہان الدین صاحب جہلمی کب فوت ہوئے؟

جواب: حضرت مولوی عبدالکریم صاحب سیالکوٹی 11 اکتوبر 1905ء کو اور حضرت مولوی برہان الدین صاحب جہلمی 3دسمبر 1905ء کو۔

سوال: صدر انجمن احمدیہ کا قیام کب ہوا؟

جواب: 29 جنوری 1906ء کو۔

سوال: وقف زندگی کی پہلی منظم تحریک کب ہوئی؟

جواب: ستمبر 1907ء میں۔

سوال: بہشتی مقبرہ کی بنیاد کس سنہ میں رکھی گئی؟

جواب: 1905ء میں۔

سوال: حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا یوم وصال بتائیں؟

جواب: 26 مئی 1908ء کو حضور نے لاہور میں وفات پائی اور 27 مئی 1908ء کو حضرت خلیفۃ المسیح الاول نے بہشتی مقبرہ قادیان میں نماز جنازہ پڑھائی اور وہیں تدفین ہوئی۔

سوال: حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے آخری الفاظ کیا تھے؟

جواب: اللہ میرے پیارے اللہ۔