حضرت علی رضی اللہ عنہ آنحضور ﷺ کے چوتھے خلیفہ راشد تھے۔ رشتہ میں آپ ؓحضور ﷺ کے چچازاد بھائی اور داماد تھے۔ آپ نیکی ، زہد، تقویٰ، شجاعت اور انکساری کے اعلیٰ خصائل کے ساتھ ساتھ نہایت اعلیٰ درجہ کی قائدانہ صلاحیتوں کے حامل تھے۔ آپؓ نے حضور ﷺ اور آپ کے بعد تینوں خلفائے راشدین سے محبت، عقیدت اور اطاعت و وفا کا تعلق خوب نبھایا۔
حضرت علی رضی اللہ عنہ کی سیرت و سوانح کے درست حالات کا مطالعہ ہمیں نہ صرف بزرگان سلف کے اوصاف حمیدہ اپنانے اور پھران کی روشنی میں اپنی زندگیوں کو کامیاب بنانے والا ہوگا وہاں امت محمدیہ میں حضرت علی ؓ کے اصل مقام کے متعلق دو گروہوں کے افراط و تفریط والے نظریات و عقائد سے بچانے والا بھی ہوگا۔