حضرت مصلح موعودنے اس کتاب کے دیباچہ میں رقم فرمایاکہ
’’چونکہ احمدیہ جماعت کی روزمرہ ترقی اور اطراف عالم میں پھیلنے والی لہر کو دیکھ کر بہت سے لوگوں کو، جو اس کے حالات سے واقف نہیں، خیال پیدا ہوتا ہے کہ وہ اس کے حالات سے آگاہ ہوں لیکن بوجہ مجبوری کے وہ مفصل کتب کو نہیں دیکھ سکتے اس لئے میں نے چاہا کہ ایک ایسا رسالہ لکھ دوں جس میں مختصر طو ر پر اس سلسلہ اور اس کے بانی کے حالات درج ہوں تاکہ طالبانِ حق کے لئے وہ اللہ تعالیٰ کے فضل کے ماتحت راہنما کا کام دے اور مزید تحقیق کے لئے ان کے دلوں میں تحریک پیدا کرے اور آسمانی بادشاہت میں داخل ہونے والوں کے لئے راستہ صاف کرے۔ اس مختصر ٹریکٹ میں مندرجہ ذیل امور پر روشنی ڈالی جائے گی: احمدؑ بانی سلسلہ احمدیہ کے حالات۔ اس کی سیرت۔ اس کا دعویٰ اور دلائل۔ اس کی مشکلات۔ اس کی پیش گوئیاں۔ اس کا کام۔ اس کے بعد اس کے قائم کردہ سلسلہ کے حالات۔‘‘