بانی جماعت احمدیہ حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کے بعد ظاہر ہونے والی قدرت ثانیہ کے مظہر خامس حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کے انتخاب خلافت کے بعد دنیا بھر میں احمدیوں نے تجدید بیعت کی سعادت پائی تو چند لوگوں نے اظہار کیا کہ ان دس شرائط بیعت کی اہمیت اور تعارف کی یاددہانی مفید ہوگی۔ اس پر حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ نے اس وسیع موضوع پر خطابات و خطبات کا سلسلہ شروع فرمایا جسے نظر ثانی کے بعد کتابی شکل دی گئی اور اسلام انٹرنیشنل پبلی کیشنز انگلستان نے اسے طبع کروایا۔ قریبا 200 صفحات پر مشتمل اس کتاب میں شرائط بیعت کی توضیح وتشریح کے لئے قرآنی آیات، احادیث مبارکہ اور حضرت اقدس مسیح موعودعلیہ السلام کے مبارک ارشادات کی روشنی میں جامع مواد مرتب ہوگیا جس سے ہر احمدی کو ان ذمہ داریوں کا احساس و ادراک بھی ہوگیا کہ اس نے کن شرائط پر جماعت احمدیہ میں شمولیت اختیار کی ہے۔