شمائل محمد صلی اللہ علیہ وسلم
فہرست مضامین
12 ۔ امانت
دعویٰ نبوت سے پہلے لوگ حضور ﷺ کے پاس امانتیں رکھا کرتے تھے اور یہ سلسلہ اس وقت تک کامل اعتماد کے ساتھ جاری رہا جب تک حضور ہجرت کرکے مکہ سے مدینہ تشریف نہیں لے گئے حضور اپنوں اور دشمنوں سب کی امانتوں کاحق پوری شان کے ساتھ ادا کرتے رہے۔ جب آپ شدید دکھ اور اذیت کے ساتھ مکہ سے ہجرت فرمارہے تھے۔ تب بھی آپ کو لوگوں کی امانتوں کی واپسی کا خیال تھااور آپ نے وہ امانتیں حضرت علیؓ کے حوالے کیں اور انہیں فرمایا کہ لوگوں کی امانتیں لوٹا کر مدینہ پہنچ جائیں ۔
صدقہ کا خیال
آپ فرمایا کرتے تھے کہ بسا اوقات گھر میں بستر پر یا کسی جگہ کوئی کھجور پڑی ملتی ہے۔ اٹھاتا ہوں اور (بھوک کی وجہ سے) کھانے لگتا ہوں مگر معاً خیال آتا ہے کہ کہیں صدقہ کی نہ ہوتب اس کے کھانے کا ارادہ ترک کردیتا ہوں ۔ (صحیح بخاری کتاب اللقطہ باب اذاوجدتمرۃ فی الطریق)