شمائل محمد صلی اللہ علیہ وسلم
حضرت مسیح موعودعلیہ الصلوٰۃ والسلام کا خراج تحسین
رسول اللہ ﷺکا اخلاقی اعجاز
“اخلاقی حالت ایک ایسی کرامت ہے جس پر کوئی انگلی نہیں رکھ سکتا اور یہی وجہ ہے کہ ہمارے رسول اللہ ﷺ کو سب سے بڑا اور قوی اعجاز اخلاق ہی کا دیا گیا جیسے فرمایا اِنَّکَ لَعَلیٰ خُلُقٍ عَظِیمٍ۔ یوں تو آنحضرت صلعم کے ہر ایک قسم کے خوارق قوت ثبوت میں جملہ انبیاء علیھم السلام کے معجزات سے بجائے خود بڑھے ہوئے ہیں مگر آپ کے اخلاق اعجاز کا نمبران سب سے اوّل ہے جس کی نظیردنیا کی تاریخ نہیں بتلا سکتی اور نہ پیش کرسکے گی۔”(ملفوظات جلداوّل صفحہ89)
اخلاق الٰہیہ کا کامل نمونہ
“آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی ایک عظیم الشان کامیاب زندگی ہے۔ آپ کیا بلحاظ اپنے اخلاق فاضلہ کے اور کیا بلحاظ اپنی قوت قدسی اور عقد ہمت کے اور کیا بلحاظ اپنی تعلیم کی خوبی اور تکمیل اور کیا بلحاظ اپنے کامل نمونہ اور دعاؤں کی قبولیت کے۔ غرض ہر طرح اور ہر پہلو میں چمکتے ہوئے شواہد اور آیات اپنے ساتھ رکھتے ہیں کہ جن کو دیکھ کر ایک غبی سے غبی انسان بھی بشرطیکہ اس کے دل میں بیجا غصہ اور عداوت نہ ہو صاف طور پر مان لیتا ہے کہ آپ تَخَلَّقُوْا بِاَخْلَاقِ اللہ کا کامل نمونہ اور کامل انسان ہیں ۔” (الحکم 10اپریل 1902ئ)
اے پاک اخلاق والے
اِنَّا نُطِیْعُ مُحَمَّداً خَیْرَالْوَرٰی
نُوْرَالْمُھَیْمِنِ دَافِع الظُّلمَاء
یَاطَیّبَ الْاَخَْلاَقِ وَالْاَسْمَاء
اَفَاَ نْتَ تُبْعِدُنا مِنَ الآ لَاء
ہم محمد رسول اللہ ﷺ کی پیروی کرتے ہیں جوتمام مخلوق سے بہتر ہیں جو خدائے مھیمن کا نور اور تاریکیوں کو دور کرنے والے ہیں ۔اے پاک اخلاق اور پاک ناموں والے کیا آپؐ ہمیں اپنی نعمتوں سے محروم رکھیں گے۔ (انجام آتھم۔ روحانی خزائن جلد11صفحہ268، 280)
زہے خلق کامل
حسینان عالم ہوئے شرمگیں
جو دیکھا وہ حسن اور وہ نور جبیں
پھر اس پر وہ اخلاق اکمل تریں
کہ دشمن بھی کہنے لگے آفریں
زہے خلق کامل زہے حسن تمام
علیک الصلوٰۃ علیک السلام
(حضرت میر محمداسماعیل صاحب)