شمائل محمد صلی اللہ علیہ وسلم

فہرست مضامین

7 ۔ رمضان اور نفلی روزے

تیز ہوائیں

حضرت ابن عباس بیان کرتے ہیں کہ آنحضرت ﷺ لوگوں میں سب سے زیادہ نیکیاں بجالاتے تھے مگر رمضان میں تو یہ سلسلہ اور بھی زیادہ ہوجاتاتھا۔ جبریل رمضان کی ہر رات آپ کے پاس آتے تھے اور رسول کریم ﷺ جبریل کے ساتھ مل کر قرآن کا دور کیا کرتے تھے ۔ اور ان دنوں رسول اللہ ﷺ تیز ہواؤں سے بھی زیادہ نیکیوں میں بڑھ جاتے تھے۔ (صحیح بخاری کتاب بدء الوحی)

آخری عشرہ

حضرت عائشہؓ بیان کرتی ہیں کہ جب رمضان کا آخری عشرہ شروع ہوتا تو آنحضرت ﷺ اپنی کمر ہمت کس لیتے۔ اپنی راتوں کو زندہ کرتے اور اپنے اہلِ و عیال کو خصوصیت سے عبادت کے لئے جگاتے تھے۔ (صحیح بخاری کتاب الصوم باب العمل فی العشرالاخر)

اعتکاف

حضرت عائشہ بیان کرتی ہیں کہ آنحضرت ﷺ رمضان کے آخری عشرہ میں اعتکاف کیاکرتے تھے۔ اور وفات تک آپ کا یہی معمول رہا۔ اس کے بعد آپ کی ازواج بھی انہی دنوں میں اعتکاف کیا کرتی تھیں۔ (صحیح بخاری کتاب الاعتکاف باب الاعتکاف فی العشرالاواخر)

نفلی روزے

آنحضرت ﷺ رمضان کے علاوہ کثرت سے نفلی روزے رکھتے تھے۔ شعبان کا تقریباً پورا مہینہ روزے سے گزارتے۔ رمضان کے بعد شوال کے چھ روزے رکھتے۔ ہر ماہ کے آغاز میں تین روزے، مہینہ کے نصف اول میں اکثر روزے ، چاند کی 15,14,13 کو روزہ، ہر سوموار اور جمعرات کو روزہ رکھتے اور فرماتے کہ ان دنوں میں اعمال خدا کے حضور پیش ہوتے ہیں اور میں پسند کرتا ہوں کہ میرے اعمال اس حالت میں پیش ہوں کہ میں روزہ دار ہوں اتفاقی روزے اس کے علاوہ ہوتے تھے۔ (صحیح بخاری کتاب الصوم و سنن ترمذی کتاب الصوم)