شمائل محمد صلی اللہ علیہ وسلم
فہرست مضامین
مقصد بعثت
مکارم اخلاق کی تکمیل
َعنْ اَبِی ہُرَیرۃؓ قَالَ قَالَ رَسُولُ اللہ ﷺ اِنَّمَا بُعِثْتُ لِاُ تَمِّمَ مَکَارِمَ الْاَخْلَاقِ۔
حضرت ابو ہریرہؓ بیان کرتے ہیں کہ آنحضرتﷺ نے فرمایا مجھے تو اعلیٰ اخلاق کی تکمیل کے لئے معبوث کیا گیا ہے۔
(سنن کبریٰ للبیھقی۔ کتاب الشہادات بیان مکارم الاخلاق جلد10صفحہ192۔ مطبع دائرہ المعارف العثمانیہ۔ حیدرآباد دکن 1355ھ)
اخلاق عین قرآن تھے
حضرت سعد بن ہشامؓ بیان کرتے ہیں کہ میں حضرت عائشہؓ کے پاس گیا اور عرض کی کہ اے ام المومنین مجھے آنحضرتﷺ کے اخلاق کے بارہ میں کچھ بتائیں ۔ انہوں نے فرمایا کَانَ خُلُقُہٗ الْقُرْآنَ۔ آپ کے اخلاق قران کے عین مطابق تھے۔ کیاآپ قرآن نہیں پڑھتے۔ اللہ تعالیٰ نے آپؐ کے متعلق فرمایا ہے اِنَّکَ لَعَلٰی خُلُقٍ عَظِیْم
(مسند احمد بن حنبل ۔ باقی مسند الانصار۔ حدیث نمبر 24460)