الٰہی جماعتوں کی مخالفت ایک طبعی امر ہے، حضرت اقدس مسیح موعودعلیہ السلام کے مقابل پر کھڑے ہونے والے لوگوں نے دلائل سے عاری ہونے کی وجہ سے آپ علیہ السلام کی ذات والا صفات، آپ کی تحریرات وغیرہ کو ہدف تنقید بنایا اور معصوم اور سادہ لوح لوگوں کو گمراہ کرتے رہے۔ ایسا ہی ایک فولڈر بانڈی پورہ کشمیر سے مفتی نذیر احمد قاسمی نے ’’مرزا قادیانی کے جھوٹ‘‘ کے عنوان سے تیار کرکے جاری کیا تو جامعہ احمدیہ قادیان کے استاد مکرم باسط رسول ڈار صاحب نے اس مولوی کے جھوٹ کی قلعی اس کتاب کو تیا ر کر کے کھولی ہے۔
مولوی قاسمی سمیت دیگر معاندین کی قلم جولانیاں دیکھ کر لگتا ہے کہ یہ لوگ جماعت احمدیہ کے لٹریچر سے ناواقف محض ہوتے ہیں بلکہ یہ لوگ تو درست اسلامی تعلیم سے بھی ناآشنا معلوم ہوتے ہیں، اور صرف جھوٹ بول کر اپنی کم عقلی کا ثبوت دے رہے ہوتے ہیں یا سستی شہرت کی خواہش انہیں اندھا کرچکی ہوتی ہے، ورنہ جن اعتراضات کی دہرائی کی جارہی ہوتی ہے ان حوالہ جات کو دیکھنے سے پتہ چلتا ہے کہ وہاں ان تحریرات کے سیاق و سباق میں ہی جواب موجود ہوتا ہے، یا جماعت احمدیہ کی طرف سے ان اعتراضات کے جوابات تیارکرکے شائع کئے جاچکے ہوتے ہیں جن کے دلائل کی پختگی اور سچائی کا نور ان لوگوں کو مسکت کرنے کے لئے کافی ہوتا ہے۔
یہ کتاب اولاً 2010ء میں شائع کی گئی تھی۔موجودہ ایڈیشن نظارت نشر و اشاعت قادیان نے سال 2013ء میں دیدہ زیب پرنٹنگ کے ساتھ دوبارہ طبع کروایا ہے۔