کائنات عالم کا اہم ترین واقعہ حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کا ظہور ہے۔ اس خاص الخاص زمانہ پر تحقیق کی راہیں بے شمار اور مختلف الجہات ہیں۔ حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ تعالیٰ نے 26دسمبر 1989ء میں ایک مکتوب کے ذریعہ مولانا دوست محمد شاہد صاحب کو ایک نہایت آسان اور عام فہم کیلنڈر مرتب کرنے کا ارشاد فرمایا جو زمانہ نبوی کے مکی اور مدنی ادوار کے اہم تاریخی واقعات کو سموئے ہوئے ہو، اور اس طرز پر ہو کہ دیکھتے ہی علم ہوجائے کونسا واقعہ کس ہجری مہینے میں رونما ہوا تھا اور تب شمسی کیلنڈر کی کونسی تاریخ تھی۔
مولانا موصوف نے اس بالکل نئی اور بظاہر ناممکن تحقیق کا بیڑہ اٹھایا اور مشہور مصری محقق اور ماہر فلکیات علامہ محمد مختار پاشا کی سائنسی تحقیق (التوفیقات الالہامیہ) کے منہج پراس کتاب کو مرتب کیا ۔ یہ کیلنڈر شمسی اور قمری لحاظ سے 20 اپریل 571ء سے 26 مئی 632ء ، جو 9 ربیع الاول عام الفیل سے یکم ربیع الاول 11 ہجری بنتا ہے، پر مشتمل ہے۔ جس میں ایک چارٹ کی شکل میں ہر سال کے اسلامی مہینوں کی یکم تاریخ، اس تاریخ کو ہفتے کا کونسا دن تھا، اور شمسی کیلنڈر کی کونسی تاریخ تھی، نیز اس سال کے اہم واقعات کو دکھایا گیا ہے۔ یوں اس تحقیقی مقالہ میں زمانہ نبوی کے 136 اہم واقعات کے معین زمانہ ظہور کی تعیین مل رہی ہے۔
کتاب کے آخر پر درج مراجع و مصادر اور ماخذوں کی طویل فہرست یہ عیاں کرنے کے لئے کافی ہے کہ اس خالص علمی اور تحقیقی مقالہ کی تیاری میں علامہ موصوف نے کس قدر ٹھوس علمی کتب سے استفادہ کرتے ہوئے قابل قدر عرق ریزی اور گہری تحقیق کا بوجھ اٹھایا ہے۔