لباس التقویٰ
دیباچہ
دین کا علم حاصل کرنا ہر شخص پر فرض ہے۔ اس لیے اس سے متعلق تمام مسائل اور ان کے حل سے آگاہی ضروری ہے۔ یہ اسی وقت ممکن ہے جب خدا تعالیٰ کی واحد و یگانہ ذات سے لے کر اعلیٰ اخلاق کے باریک در باریک گوشوں تک رسائی اور ضروری تفصیلات سے آگاہی ممکن ہو۔ اس بات کی جماعت احمدیہ میں اشد ضرورت ہے کہ ایسا علمی، تحقیقی، تربیتی اور تعلیمی مواد ایک جگہ اکٹھا ہو جس میں قرآن کریم، احادیثِ نبویہؐ، ارشادات سیدنا حضرت مسیح موعودؑ، خلفاء اور دیگر بزرگان کے اقوال کی روشنی میں ہر قسم کی تفصیل بیان کی گئی ہو۔
اس ضرورت کو محترم برادرم منشاد احمدنیر صاحب نے بہت محنت، لگن اور خو بصورتی سے پورا کیا ہے اور مذہب، تربیت اور انسانی زندگی کے تمام پہلو ؤں پر بہت عرقریزی سے ضروری مأخذ سے مواد اکٹھا کرکے اسے منفردنوعیت کی کتاب میں سجا کر پیش کیا ہے۔ جب خاکسار احمدی بچوں کے محبوب رسا لہ تشحیذالاذھان کا ایڈیٹر تھا۔ اس وقت برادرم منشاد احمدنے بچوں کے لیے ہلکے پھلکے تعلیمی اور تربیّتی موضوع پر انتہائی دلچسپ اور آسان زبان میں مضمون مہیا فرمائے اور پھر کئی سال تک متعدد قیمتی مضامین صفحہ قرطاس پر مزین ہوتے چلے گئے۔
ان شائع ہونے والے مضامین کے علاوہ انہوں نے کئی اور مضامین بھی اس کتاب کی زینت بنائے ہیں اور ان میں نئے اقتباسات او ر حوالہ جات کا اضافہ بھی کیا ہے۔ اس کتاب کا آغاز اللہ تعالیٰ کی محبت سے ہوتا ہے۔ اس محبت کے حصول کے لیے نماز کو دین کا ستون قرار دیا گیا ہے۔ تلاوت قرآن کریم کی برکات اور دعا کو الٰہی انعام سے تشبیہ دی ہے۔ ہمارے آقا و مولیٰ حضرت محمد مصطفیﷺ اور آپ کے خلفاء کے حالات اور مومنین کے نیکیوں میں سبقت لے جانے پر بھی روشنی ڈالی ہے۔ عاجزی و انکساری، نرم و پاک زبان کا استعمال اور وقت کی پابندی کے ذریعے نفس کے محا سبہ کو نئے اور اچھوتے انداز سے بیان کیا ہے۔ اس کے علاوہ صحبتِ صالحین، وقارِعمل کی اہمیت اور امانتوں کی حفاظت کو دلآویز انداز عطا کیا ہے۔ الغرض برادرم منشاد احمدنے ان مذہبی، اخلاقی، تعلیمی، تربیتی، تنظیمی اور کئی اہم موضو عات کو جس محنت، جانفشانی اور حُسنِ ترتیب کے ساتھ احباب کے لیے پیش فرمایاہے، وہ لاریب قابلِ ستائش اور حوصلہ افزا ہے۔
اس کتاب کا مطالعہ کرنے سے یہ بات عیاں ہو جاتی ہے کہ یہ کتاب بنی نوع انسان کے لیے نہایت اہم اور مفید ہے۔ ہر سطح اور علم کا شخص اس سے یکساں فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ کیو نکہ اس میں تقریباً ہر مو ضوع کو یکجا کر دیا گیا ہے۔ خطبات، تقاریر، تحقیق اور نئے دینی علم جاننے والوں کے لیے بہت ممد و معاون ثابت ہو گی اور اسے اہم مأخذ پر مشتمل اہم حوالہ جات کی کتاب کہا جا سکتا ہے۔
اللہ تعالیٰ برادرم منشاد احمدنیر کے علم و قلم میں اضافہ و برکت عطا فرمائے اور اسی طرح مزیدخوبصورت کتب سپردِقلم کرنے کی توفیق عطا فرمائے نیز احسن رنگ میں اس کی جزاء عطا فرمائے، آمین
والسلام خاکسار
فخر الحق شمس
مربی سلسلہ عالیہ احمدیہ