خاندانِ حضرت مسیح موعود کا پہلا شہید
امۃ الباری ناصریہ کتاب آسمان احمدیت کے روشن ستارے اور خاندان حضرت اقدس مسیح موعودعلیہ السلام کے پہلے شہید محترم صاجزادہ مرزا غلام قادراحمد صاحب کی سیرت و سوانح پر مبنی ہے۔ آپ کو 14 اپریل 1999ء کو ربوہ کی سرزمین پر شہید کر دیا گیا تھا۔ آپ کی شہادت اس لحاظ سے بھی عظیم بن گئی کہ حضر ت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ تعالیٰ نے آپ کی شخصیت کو الہامات حضرت اقدس مسیح موعودعلیہ السلام کا بھی وار ث قرار دیا جس میں یہ تذکرہ ہے کہ ’’غلام قادر آگئے ۔گھر نور اور برکت سے بھرگیا۔ (اللہ نے اسے مرے پاس بھیج دیا )‘‘ نیز فرمایا :
’’قیامت تک شہید کے خون کا ہر قطرہ آسمان احمدیت پر ستاروں کی طرح جگمگاتا رہے گا۔ مجھے اس بچے سے بہت محبت تھی۔ میں اس کی خوبیوں پر گہری نظر رکھتا تھا۔ میں جانتا تھا کہ یہ کیا چیز ہے۔ ۔۔۔۔ اے شہید تو ہمیشہ زندہ رہے گا اور ہم سب ایک دن آکر تجھ سے ملنے والے ہیں۔ زندہ باد غلام قادر شہید۔ پائندہ باد۔‘‘
محنت اور کاوش سے مرتب کی گئی اس کتاب کے کل 18 ابواب ہیں جن میں شہادت کے دلگداز واقعات کے ساتھ ساتھ شہید مرحوم کے خاندانی پس منظر، بچپن ، اعلیٰ تعلیم، کیریئر، دین کو دنیا پر مقدم کرنے کا عہد، خدمات دینیہ کے علاوہ آپ کی شخصیت کے مختلف پہلوؤں پر آپ کے رفقائے کار کی تحریرات شامل ہیں۔ اس کتاب میں شعرائے کرام کا پیش کردہ منظوم خراج تحسین، ملکی و غیرملکی پریس میں ہونے والا تذکرہ، اور دیگر بہت سا ضروری مواد شامل کیاگیاہے۔